پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شہود عالم آفاقی کی غزلیں — Shahood Alam Aafaqi Ghazals

شہود عالم آفاقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

آداب زندگی سے بہت دور ہو گیا (غزل)

آداب زندگی سے بہت دور ہو گیا

شہرت ذرا ملی تو وہ مغرور ہو گیا

اب رقص خاک و خوں پہ کوئی بولتا نہیں

جیسے یہ میرے ملک کا دستور ہو گیا

دشمن سے سرحدوں کو بچانا تھا جس کا کام

اپنوں کو قتل کرنے پہ مامور ہو گیا

گمنام تھا لباس شرافت کی وجہ سے

دستار مکر باندھی تو مشہور ہو گیا

سورج بھی اعتماد کے قابل نہیں رہا

آیا جو وقت شام تو بے نور ہو گیا

نالہ جو بہہ رہا تھا مرے گاؤں میں شہودؔ

دریا سے مل گیا ہے تو مغرور ہو گیا

فن کے شجر پر پھل جو لگے ہیں (غزل)

فن کے شجر پر پھل جو لگے ہیں

ان میں زیادہ تر کچے ہیں

کیسا یہ کل جگ آیا ہے

لوگ پڑوسی سے ڈرتے ہیں

جھوٹ ہے سب آئے تھے فسادی

یہ تو کرشمے وردی کے ہیں

کتنے دانشور ہو بھیا

جاننے والے جان رہے ہیں

چیخ کے لہجہ بول رہا ہے

شعر شہودؔ آفاقی کے ہیں

مزید غزلیں از شہود عالم آفاقی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں