شہناز پروین سحر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ڈوب کر ابھرنے میں دیر کتنی لگتی ہے (غزل)
ڈوب کر ابھرنے میں دیر کتنی لگتی ہے
رات کے گزرنے میں دیر کتنی لگتی ہے
چنریوں میں چوڑی میں رنگ کتنے بھاتے ہیں
رنگ کے اترنے میں دیر کتنی لگتی ہے
ماں کے پیٹ میں بچہ روم روم بڑھتا ہے
آدمی کو مرنے میں دیر کتنی لگتی ہے
گھر کو گھر بنانے میں عمر بیت جاتی ہے
پھر مکان گرنے میں دیر کتنی لگتی ہے
انگلیوں کی پوروں میں کرچیاں اترتی ہیں
کانچ کے بکھرنے میں دیر کتنی لگتی ہے
عمر کیسے ڈھلتی ہے موت کیسے پلتی ہے
چار دن گزرنے میں دیر کتنی لگتی ہے
شاخ کی ہتھیلی پر پھول مسکراتا ہے
پھول کے بکھرنے میں دیر کتنی لگتی ہے
دوستی کے رشتے پر جب سوال اٹھتا ہے
دوست کو مکرنے میں دیر کتنی لگتی ہے
عمر بھر کے ساتھی جب راستے بدلتے ہیں
عمر کو گزرنے میں دیر کتنی لگتی ہے
مصلحت کے پردے کی عمر کتنی ہوتی ہے
یہ نقاب اترنے میں دیر کتنی لگتی ہے
ایک سر کی چادر ہو اور پاؤں میں چپل
اپنے سج سنورنے میں دیر کتنی لگتی ہے
دستک ہوئی تو سر پہ دوپٹا سنبھل گیا (غزل)
دستک ہوئی تو سر پہ دوپٹا سنبھل گیا
چھوٹا سا اک چراغ مرے دل میں جل گیا
جاتے ہوئے رکا ہی نہیں ایک پل بھی وہ
سارے ستارے پاؤں کے نیچے کچل گیا
تانبے کی ٹکڑیاں سی بکھرتی چلی گئیں
پھر دیکھتے ہی دیکھتے سورج پگھل گیا
بارش کی بوند بوند کو ترسا ہوا تھا شہر
آنچل ہوا کا تھام کے بادل نکل گیا
روٹی توے پہ سہمی ہوئی دیکھتی رہی
چولہا بھڑک اٹھا تھا مرا ہاتھ جل گیا
حیرت ہنوز ٹوٹے ہوئے آئنے میں تھی
مجھ پر تری کمان سے کیوں تیر چل گیا
بیتے ہوئے دنوں کا دھواں پھیلتا رہا
یوں ہی کنار چشم جو آنسو پھسل گیا