پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شہناز نور کی غزلیں — Shahnaz Noor Ghazals

شہناز نور کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کسی سے ہاتھ کسی سے نظر ملاتے ہوئے (غزل)

کسی سے ہاتھ کسی سے نظر ملاتے ہوئے

میں بجھ رہی ہوں روا داریاں نبھاتے ہوئے

کسی کو میرے دکھوں کی خبر بھی کیسے ہو

کہ میں ہر ایک سے ملتی ہوں مسکراتے ہوئے

عجیب خوف ہے اندر کی خامشی کا مجھے

کہ راستوں سے گزرتی ہوں گنگناتے ہوئے

کہاں تک اور میں سمٹوں کہ عمر بیت گئی

دل و نظر کے تقاضوں سے منہ چھپاتے ہوئے

نہیں ملال کہ میں رائیگاں ہوئی ہوں نورؔ

بدن کی خاک سے دیوار و در بناتے ہوئے

لوگوں میں دیکھ بھال کی عادت نہیں رہی (غزل)

لوگوں میں دیکھ بھال کی عادت نہیں رہی

یا آئنوں کی شہر میں قیمت نہیں رہی

مانا کوئی نباہ کی صورت نہیں رہی

لیکن نہیں کہ تجھ سے محبت نہیں رہی

یوں بھی رہائی کا کوئی امکاں نہیں رہا

پہلی سی آرزو میں بھی شدت نہیں رہی

ورنہ کوئی تو آتا مرا حال پوچھنے

شاید کسی کو میری ضرورت نہیں رہی

اس کا بھی بے وفاؤں میں ہونے لگا شمار

اپنی بھی جیسے شہر میں عزت نہیں رہی

کچھ میں بھی تھک گئی ہوں اسے ڈھونڈتے ہوئے

کچھ زندگی کی پاس بھی مہلت نہیں رہی

مزید غزلیں از شہناز نور ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں