پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شہناز پروین شازی کی غزلیں — Shahnaz Parveen Shazi Ghazals

شہناز پروین شازی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جز ندامت ملال کیا ہوگا (غزل)

جز ندامت ملال کیا ہوگا

حاصل اشتعال کیا ہوگا

میں کہ خانہ بدوش ہوں مجھ کو

ہجرتوں کا ملال کیا ہوگا

خامشی جب کلام کرتی ہو

پھر وہاں قیل و قال کیا ہوگا

ایک مدت سے ہجر لاحق ہے

کوئی مجھ سا نڈھال کیا ہوگا

جس پہ وعدہ ہے رب کی بخشش کا

قطرۂ انفعال کیا ہوگا

ضد پہ آئے ہوئے ہیں اشک مرے

ضبط اب تیرا حال کیا ہوگا

دوست ترکش بدوش ہیں شازیؔ

زخم کا اندمال کیا ہوگا

آسرا حرف دعا غم سے مفر ہونے تک (غزل)

آسرا حرف دعا غم سے مفر ہونے تک

صبر بھی چاہیے اب اس میں اثر ہونے تک

گر بقا کی ہے تمنا تو فنا کر خود کو

بیج سہتا ہے ستم کتنے شجر ہونے تک

رب کی تخلیق پہ انگشت بدنداں ہیں ملک

مرحلے دیکھ لے مٹی سے بشر ہونے تک

بخیہ گر چاک گریباں کی ہو تدبیر کوئی

ہوں تری دست نگر اپنا ہنر ہونے تک

عشق میں بر سر پیکار خرد اور جنوں

مرگ بے موت ہے اب معرکہ سر ہونے تک

وہ تری یاد کے آنسو تھے جو بہنے نہ دئے

چشم ویراں میں رکے شہر بدر ہونے تک

میں بھی بن جاؤں شب غم کوئی ننھا بچہ

جو کہ کھو جاتا ہے خوابوں میں سحر ہونے تک

تھے جگر قلب و نظر زاد سفر جب شازیؔ

خوف تنہائی تھا کیوں اذن سفر ہونے تک

بجھ گیا روشن سویرا ماں ترے جانے کے بعد (نظم)

بجھ گیا روشن سویرا ماں ترے جانے کے بعد

چھا گیا ہر سو اندھیرا ماں ترے جانے کے بعد

غم کا بادل ہے گھنیرا ماں ترے جانے کے بعد

دم گھٹا جاتا ہے میرا ماں ترے جانے کے بعد

کس کے چہرے میں تلاشوں تیرے چہرے کی جھلک

کس کے آنچل میں ملے گی تیری ممتا کی مہک

کس کی باتوں میں سنوں گی تیرے لہجے کی کھنک

کس ستارے میں بسے گی تیری آنکھوں کی چمک

ڈھونڈھتی ہوں عکس تیرا ماں ترے جانے کے بعد

فون پر کس کو سناؤں گی میں اپنا حال زار

کس کی باتیں سن کے آئے گا مرے دل کو قرار

کون پونچھے گا مرے بہتے ہوئے اشکوں کی دھار

کون پانی پڑھ کے دے گا ہوگا جب مجھ کو بخار

دل میں وحشت کا بسیرا ماں ترے جانے کے بعد

کون اب میرے لئے دست دعا پھیلائے گا

کس طرح آفات کا صدقہ اتارا جائے گا

کون مرہم زخم جاں پر پیار سے رکھ پائے گا

درد کی شدت میں میری پیٹھ کو سہلائے گا

رنج و غم نے مجھ کو گھیرا ماں ترے جانے کے بعد

اے کراچی یہ بتا اب کس سے ملنے آؤں گی

کس کی بانہوں میں سمٹ کر چین و سکھ میں پاؤں گی

ماں تری فرقت کا صدمہ میں نہیں سہہ پاؤں گی

کس طرح یادوں سے تیری اپنا دل بہلاؤں گی

کالعدم میکے کا پھیرا ماں ترے جانے کے بعد

تو تو باغ خلد میں مہمان یزداں ہو گئی

اور یہاں پر میری دنیا پل میں ویراں ہو گئی

دفعتاً اذن سفر پر خلق حیراں ہو گئی

زندگی بھی ایک لمحہ کو پریشاں ہو گئی

گھر میں خاموشی کا ڈیرا ماں ترے جانے کے بعد

مغفرت کی تجھ پہ مولا اب فراوانی کرے

جنت الفردوس میں بھی رحمت ارزانی کرے

سبزۂ نورستہ اس گھر کی نگہبانی کرے

آسماں تیری لحد پر شبنم افشانی کرے

حق ادا کر پاؤں تیرا ماں ترے جانے کے بعد

مزید غزلیں از شہناز پروین شازی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں