شہناز مزمل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
حرص و ہوس کے آگے نہ کچھ بھی دکھائی دے (غزل)
حرص و ہوس کے آگے نہ کچھ بھی دکھائی دے
انسان اپنے قد سے بھی چھوٹا دکھائی دے
اپنے دلوں کا کھوٹ نظر آتا نہیں ہے
سکہ پرایا ہو تو وہ کھوٹا دکھائی دے
کوئی تو ایسا شخص مجھے ڈھونڈ کے لا دو
انسانیت کا بوجھ جو ڈھوتا دکھائی دے
کیا نازکی ہے آج دل فتنہ ساز کی
خود کو لگے جو ٹھیس تو روتا دکھائی دے
گر لہروں کے مزاج کو سمجھے نہ ناخدا
ساحل پہ ہی سفینہ ڈبوتا دکھائی دے
ذوق جنوں میں خود کو فراموش کر دیا
شہنازؔ کو آرام نہ ہوتا دکھائی دے
دوست بن کر دوستوں کی بے وفائی دیکھیے (غزل)
دوست بن کر دوستوں کی بے وفائی دیکھیے
کج ادائی دیکھیے بے اعتنائی دیکھیے
رہ گزار شوق میں ہم رکھ تو بیٹھے ہیں قدم
جانے کب منزل پہ ہو اپنی رسائی دیکھیے
کس بلا کا سحر تھا ان کی نگاہ ناز میں
دل نے خود بڑھ کر نظر کی چوٹ کھائی دیکھیے
میرے سجدوں کے مقدر میں وہ سنگ در نہ تھا
میری پیشانی پہ داغ نارسائی دیکھیے
عشق میں نام و نسب کا کس کو رہتا ہے خیال
ہے نصیب عشق میں تو جگ ہنسائی دیکھیے
زندگی میں ہم نے دیکھیں الجھنیں ہی الجھنیں
الجھنوں سے کس طرح ہوگی رہائی دیکھیے
زندگی کا ایک پل بھی چین سے گزرا نہیں
جب سے کی تسلیم دل کی رہنمائی دیکھیے
آپ نے ناراض ہو کر جب سے آنکھیں پھیر لیں
میری دشمن بن گئی ساری خدائی دیکھیے
جل رہی ہوں کب سے اے شہناز اپنی آگ میں
اب صریر خامہ کی شعلہ نوائی دیکھیے
چھوٹا سا اک بچہ ہوں میں (نظم)
چھوٹا سا اک بچہ ہوں میں
باتیں بھی چھوٹی ہیں میری
کرنا چاہوں ایک وضاحت
بتلاؤں میں ایک حقیقت
مسجد مندر ماں ہوتی ہے
پیار سمندر ماں ہوتی ہے
اک سرمایہ ماں ہوتی ہے
ٹھنڈی چھایا ماں ہوتی ہے
خود دکھ سہہ کر سکھ دیتی ہے
حق کہتی ہے سچ کہتی ہے
ڈھال کی صورت وہ رہتی ہے
سب کچھ خود ہی وہ سہتی ہے
ماں کا پیار محبت چاہت
ہر اک دل کو بخشے راحت
ماں تو ایک نرالی دولت
ماں کے قدموں نیچے جنت
جس نے ماں کا رتبہ جانا
اس نے رب کو ہے پہچانا
ماں کا رشتہ جاننے والے
عظمت کو پہچاننے والے
غور سے سن لیں میرا کہنا
ماں ہیرا ہے ماں اک گہنا
رب اک روپ ہے ماں ممتا کا
ماں میوہ ہے اس دنیا کا