پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شہناز فاطمہ صدیقی کی غزلیں — Shahnaz Fatima Siddiiqii Ghazals

شہناز فاطمہ صدیقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اس نظر سے جو رابطہ ہو جائے (غزل)

اس نظر سے جو رابطہ ہو جائے

کچھ نہ ہونا بھی حادثہ ہو جائے

وہ کریں التجا میں ترک کروں

مجھ کو اک ایسا تجربہ ہو جائے

یوں نہ ہو پھر ہو تیرا قرب نصیب

یوں نہ ہو پھر یہ سانحہ ہو جائے

نام لیتے ہی دل دھڑکتا ہے

سامنے آئے وہ تو کیا ہو جائے

کام کتنا ہے اس کی یادوں کا

آج پھر سے نہ رتجگا ہو جائے

جب اذیت ہیں قربتیں شہنازؔ

پھر تو بہتر ہے فاصلہ ہو جائے

غم کی تفسیر میرے ہاتھ میں ہے (غزل)

غم کی تفسیر میرے ہاتھ میں ہے

اس کی تحریر میرے ہاتھ میں ہے

اپنی قسمت سے کیوں نہ لڑ جاؤں

میری تدبیر میرے ہاتھ میں ہے

خواب ایسے سنا رہے ہیں آپ

جیسے تعبیر میرے ہاتھ میں ہے

ٹوٹتی ہے نہ زنگ کھاتی ہے

کیسی زنجیر میرے ہاتھ میں ہے

اب نظاروں میں کچھ نہیں رکھا

تیری تصویر میرے ہاتھ میں ہے

میری تقدیر میں نہیں ہے تو

تیری تقدیر میرے ہاتھ میں ہے

مزید غزلیں از شہناز فاطمہ صدیقی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں