پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شاہنواز زیدی کی غزلیں — Shahnawaz Zaidi Ghazals

شاہنواز زیدی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

پہلے جیسا نہیں رہا ہوں (غزل)

پہلے جیسا نہیں رہا ہوں

میں اندر تک ٹوٹ گیا ہوں

جیسے کاغذ پھٹ جاتا ہے

دو ٹکڑوں میں پڑا ہوا ہوں

دوست مرا کیوں ساتھ نبھاتے

جب میں ان کو چھوڑ چکا ہوں

کتنا چھوٹا سا لگتا ہوں

دور سے خود کو دیکھ رہا ہوں

شیشے کی دیواروں والے

اک کمرے میں قید پڑا ہوں

لوگوں کے ظاہر باطن کو

دیکھتا ہوں ہنستا رہتا ہوں

تصویروں کا قحط پڑا ہے

اور میں رنگ بہا بیٹھا ہوں

کوئی میرا حال نہ پوچھے

میں جیسا بھی ہوں اچھا ہوں

آؤ پھر مل جائیں سب باتیں پرانی چھوڑ کر (غزل)

آؤ پھر مل جائیں سب باتیں پرانی چھوڑ کر

جا نہیں سکتے کہیں دریا روانی چھوڑ کر

وہ مرے کاسے میں یادیں چھوڑ کر یوں چل دیا

جس طرح الفاظ جاتے ہوں معانی چھوڑ کر

تم مرے دل سے گئے ہو تو نگاہوں سے بھی جاؤ

پھر وہاں ٹھہرا نہیں کرتے نشانی چھوڑ کر

اب سنا ہے عام شہری کی طرح پھرتے ہو تم

کیا ملا ہے میرے دل کی حکمرانی چھوڑ کر

بس ابھی طوفان غم کا تذکرہ آیا ہی تھا

سب گھروں کو چل دئیے میری کہانی چھوڑ کر

اس طرح میرے قبیلے میں کبھی ہوتا نہیں

کیسے جاؤں تیرے غم کی میزبانی چھوڑ کر

یہ کلام اللہ کب ہے جو سدا باقی رہے

دار فانی سے چلے ہیں نقش فانی چھوڑ کر

تعلق اس طرح توڑا نہیں کرتے (نظم)

تعلق اس طرح توڑا نہیں کرتے

کہ پھر سے جوڑنا دشوار ہو جائے

حیات اک زہر میں ڈوبی ہوئی تلوار ہو جائے

محبت اس طرح چھوڑا نہیں کرتے

خفا ہونے کی رسمیں ہیں

بگڑنے کے طریقے ہیں

رواج و رسم ترک دوستی پر سو کتابیں ہیں

لکھا ہے جن میں

رستہ وضع داری کا یوں ہی چھوڑا نہیں کرتے

کبھی بلبل گلوں کی خامشی سے روٹھ جاتی ہے

پر اگلے سال

سب کچھ بھول کر پھر لوٹ آتی ہے

اگر پودوں سے پانی دور ہو جائے

تو ہمسایہ درختوں کی جڑوں کے ہاتھ

پیغامات جاتے ہیں

محبت میں سبھی اک دوسرے کو آزماتے ہیں

مگر ایسا نہیں کرتے

کہ ہر امید ہر امکان مٹ جائے

کہاں تک کھینچنی ہے ڈور

یہ اندازہ رکھتے ہیں

ہمیشہ چار دیواری میں اک دروازہ رکھتے ہیں

جدائی مستقل ہو جائے

تو یہ زندگی زندان ہو جائے

اگر خوشبو ہواؤں سے مراسم منقطع کر لے

تو خود میں ڈوب کر بے جان ہو جائے

سنو

جینے سے منہ موڑا نہیں کرتے