پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شہناز نبی کی غزلیں — Shahnaz Nabi Ghazals

شہناز نبی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

زندگی میں یوں تو ہر اک حادثہ ناگاہ تھا (غزل)

زندگی میں یوں تو ہر اک حادثہ ناگاہ تھا

جسم کے پرچھائیں بننے کا عمل جانکاہ تھا

اب تو سارے دشت و دریا ان نگاہوں میں رہیں

دن گئے ذوق سفر میں جب کوئی گمراہ تھا

خالی پن اپنی جگہ کچھ تلخیاں رکھتا تو ہے

کھوکھلے پن سے رفاقت کے بھی دل آگاہ تھا

تیور دریا کا شکوہ ہے نہ طوفاں کا گلا

میری پتواریں خفا تھیں بادباں بد خواہ تھا

اجنبیت آ گئی ہے مجھ میں تھوڑی سی تو کیا

یہ زمانہ بھی مری جانب سے لا پرواہ تھا

ہوا سرکش اندھیرا سخت جاں ہے (غزل)

ہوا سرکش اندھیرا سخت جاں ہے

چراغوں کو مگر کیا کیا گماں ہے

یقیں تو جوڑ دیتا ہے دلوں کو

کوئی شے اور اپنے درمیاں ہے

ابھی سے کیوں لہو رونے لگی آنکھ

پس منظر بھی کوئی امتحاں ہے

وہی بے فیض راتوں کا تسلسل

وہی میں اور وہی خواب گراں ہے

مرے اندر ہے ان پیاسا کنارہ

مرے اطراف اک دریا رواں ہے

برا نہ مانو (نظم)

برا نہ مانو

نمازیں اب بھی یہیں پڑی ہیں

پہ سجدہ گاہیں اٹھا کے جانے کدھر چلے تھے

وہ صبح تم کو بھی یاد ہوگی

الگ تھے گھر اور علیحدہ چولھے

تمہارے پرچم کا رنگ الگ تھا

وطن تمہارا نیا نیا تھا

سبھی تو بانٹا تھا آدھا آدھا

مگر پڑی ہیں وہاں پہ اب تک

ہماری رادھا کی ایک پائل

ہمارے کرشنا کی ایک بنسی

پہ ہیرؔ کیسے اٹھا کے دے دیں

کہاں سے لائیں تمہارا رانجھا

کہ ہم سے پاگل

حساب رکھتے نہیں دنوں کا

ہمیں تو یہ بھی پتہ نہیں ہے

کہ آریائی سے بابری ہم بنے تو کیسے

ہمیں تو شنکھ اور اذاں ہے یکساں

ہماری تاریخ کے کتنے صفحے

چرائے تم نے؟

کہاں کہاں سے نشاں ہمارے

مٹائے تم نے؟

ہماری ہولی تمہارے بن ہے اداس کتنی

تمہیں پتہ کیا

ہماری عیدوں کو تم سے ملنے کی پیاس کتنی

کہاں چلے تھے اٹھا کے منبر

کہاں سجائی دکان تم نے

کہاں پہ بیچے ہیں مال کتنے

کہو منافع کمایا کتنا

ہمارے جیسے

تمہارے جیسے

خدا کے بندے

جو اپنے حصے کا پانی

کھودیں کنواں تو پائیں

جو اپنے تن کو دھواں بنائیں تو روٹی کھائیں

ہمیں لکیروں کے کھیل سے کیا

ہمیں تجارت سے واسطہ کب

جنہیں تھا سود و زیاں سے مطلب

وہ کاروبار جہاں سے رخصت

پہ آگ اب بھی بھڑک رہی ہے

چلو بزرگوں کا پاپ دھوئیں

ہمارے مندر سنبھالو تم سب

تمہاری مسجد کے ہم نگہباں

مزید غزلیں از شہناز نبی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں