شہنواز احمد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
محو یاس لوگوں کی بات کیوں نہیں کرتے (غزل)
محو یاس لوگوں کی بات کیوں نہیں کرتے
تم اداس لوگوں کی بات کیوں نہیں کرتے
بات کرتے رہتے ہو رنج و غم کی ہر لمحہ
غم شناس لوگوں کی بات کیوں نہیں کرتے
آدمی کو رغبت ہے آدمی کی باتوں سے
آس پاس لوگوں کی بات کیوں نہیں کرتے
ہر کوئی ہے شیدائی مال و زر کی دیوی کا
بے اساس لوگوں کی بات کیوں نہیں کرتے
ہے نوازؔ باطل کی خواب گاہ یہ دنیا
حق شناس لوگوں کی بات کیوں نہیں کرتے
اس ظلمت شب رنج کی پہنائی سمیٹے (غزل)
اس ظلمت شب رنج کی پہنائی سمیٹے
جائیں تو کہاں جائیں یہ تنہائی سمیٹے
شیرازۂ ہستی ہے بکھر جانے کی حد پر
باہوں میں مجھے اب تو وہ ہرجائی سمیٹے
ان اشک فشاں آنکھوں کی وسعت کا نہ پوچھو
ہیں خود میں سمندر سی یہ گہرائی سمیٹے
جز تیرے نہیں اپنا کوئی سارے جہاں میں
اور تو بھی نہیں ہے کہ یہ صحرائی سمیٹے
خود کو میں تماشہ ہوئے دیکھوں بھلا کب تک
کوئی تو مرے ساتھ یہ رسوائی سمیٹے
وہ شوخئ گفتار کا موجد بھی سنا ہے
آیا ہے تری بزم میں گویائی سمیٹے
یکسوئی سے تکتے ہیں نوازؔ ان کی ہی جانب
کب دست ہنر دیکھیے بینائی سمیٹے