شاہنواز انصاری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تیری پرچھائیں کو اب دھوپ دکھانی ہے مجھے (غزل)
تیری پرچھائیں کو اب دھوپ دکھانی ہے مجھے
اس لیے خواب کی دیوار گرانی ہے مجھے
حسرتوں کا ابھی لوبان سلگ جائے ذرا
پھر دھوئیں پر تیری تصویر بنانی ہے مجھے
دھیمے لہجے میں بہت چیخ لیا ہے میں نے
اب تو آواز کی رفتار بڑھانی ہے مجھے
جو مقدر میں لکھا ہے وہ میسر ہے مگر
آخری بار وہ زنجیر ہلانی ہے مجھے
کاش اس بار میں دریاؤں سے زندہ لوٹوں
کیونکہ یہ خاک تو مٹی میں دبانی ہے مجھے
جس کا کردار ہے دراصل کہانی میری
اب تو درکار وہی اصل کہانی ہے مجھے
نئے خیالوں سے رابطہ کر نئی زمینوں پہ شاعری کر (غزل)
نئے خیالوں سے رابطہ کر نئی زمینوں پہ شاعری کر
جو عشق کرتی ہیں شاعری سے اب ان حسینوں پہ شاعری کر
سیاہ راتیں اداس جگنو اور اس پہ سورج کی بے نیازی
اب ایک مصرع تراش ایسے تو آج تینوں پہ شاعری کر
سمندروں کے وہ شاہزادے تمام لہروں سے آشنا تھے
جنہوں نے دریا کے پاؤں باندھے تھے ان سفینوں پہ شاعری کر
تو نکتہ چینوں کی بات مت کر یہ اپنی ضد پر اڑے رہیں گے
جو لوگ پاگل ہیں میرے جیسے انہیں ذہینوں پہ شاعری کر
میری بزرگوں سے دوستی ہے سو آستانوں پہ لکھ رہا ہوں
تو اپنے یاروں سے بد گماں ہے تو آستینوں پہ شاعری کر
جو گھر بسانے کی آرزو ہے تو اپنے گھر سے نکال خود کو
ابھی مکانوں پہ ڈال مٹی ابھی مکینوں پہ شاعری کر