پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شہلا خان کی غزلیں — Shahla Khan Ghazals

شہلا خان کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بغیر بولے مرا مدعا سمجھتا ہے (غزل)

بغیر بولے مرا مدعا سمجھتا ہے

پرانا دوست ہے سو مسئلہ سمجھتا ہے

ادھورا چھوڑ کے کچھ دن کو بھول جاتا ہے

کہاں سے جوڑنا ہے سلسلہ سمجھتا ہے

تو پھر وہ کیسے فراموش اپنا عکس کرے

تمہاری آنکھوں کو جو آئنہ سمجھتا ہے

ہوا کا شور ہو یا بارشوں کی آہٹ ہو

کواڑ کھٹکے کو آواز پا سمجھتا ہے

چراغ جس کو میسر نہیں ہوا وہ شخص

بہت اندھیرا ہو تو راستہ سمجھتا ہے

کبھی کبھار ملاقات کرنے والے بتا

تو کس حساب سے خود کو مرا سمجھتا ہے

اٹھا کے رکھتا ہے خود ہی وہ اپنی چیزوں کو

پھر اپنے آپ انہیں گمشدہ سمجھتا ہے

قدم بڑھا نہیں سکتا جو آگے سدرہ سے

حدود جانتا ہے منتہیٰ سمجھتا ہے

آخری الوداعی خدشے میں (غزل)

آخری الوداعی خدشے میں

کچھ دعائیں بھی رکھنا بستے میں

ایک لمحے میں حادثہ ہوگا

عمر لگ جائے گی سنبھلنے میں

پھر ہوس ناچتی پھرے گی اور

مردہ بچے ملیں گے کچرے میں

ان کی تعبیر مہنگی پڑتی ہے

خواب بکنے لگے ہیں سستے میں

ذات کی قید سے نہیں نکلی

میں اکیلی تھی اتنے مجمعے میں

مجھ کو جلدی تھی گھر پہنچنے کی

رہ گیا انتظار رستے میں

ایک ہی اعتبار کافی تھا

پھر نہیں آئی اس کے دھوکے میں

شہلاؔ اس کو بہت ستاؤں گی

اچھا لگتا ہے مجھ کو غصے میں

مزید غزلیں از شہلا خان ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں