پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شاہجہاں شاد کی غزلیں — Shahjahan Shad Ghazals

شاہجہاں شاد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

سب کچھ تیرا میرا کیا ہے (غزل)

سب کچھ تیرا میرا کیا ہے

اک ذرے سے ہوتا کیا ہے

ساری دنیا آگے پیچھے

آخر تجھ میں ایسا کیا ہے

جس کے دل میں خوف خدا کا

اس سے پوچھو دنیا کیا ہے

مجبوروں کی خدمت کر کے

مت پوچھو کہ ملتا کیا ہے

آج ہمارا تو کل تیرا

اس دنیا میں کس کا کیا ہے

محبت ختم ہے لیکن ابھی رشتہ نہیں ٹوٹا (غزل)

محبت ختم ہے لیکن ابھی رشتہ نہیں ٹوٹا

کہ جتنا ٹوٹنا تھا دل ابھی اتنا نہیں ٹوٹا

ہماری روح کو مہمان بن کے کھا گئی دیمک

ہمیں حیرانگی ہے پھر بھی یہ ڈھانچہ نہیں ٹوٹا

کھلونا تھا مگر تم نے مجھے دل سے لگایا تھا

تمہاری اس مروت سے مرا کیا کیا نہیں ٹوٹا

تمہاری بے رخی سے یوں تو ہر دم چوٹ لگتی ہے

ہمارے دل کا لیکن آج تک شیشہ نہیں ٹوٹا

عبادت آج جیسی پھر کبھی اب ہو نہ پائے گی

گرا جو شادؔ سجدے میں تو پھر سجدہ نہیں ٹوٹا

مزید غزلیں از شاہجہاں شاد ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں