پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شاہجہاں جعفری حجاب امروہوی کی غزلیں — Shahjahan Jafri Hijab Amrohvi Ghazals

شاہجہاں جعفری حجاب امروہوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مرا محفل میں وہ محتاط لہجہ بھی تمہیں جانم (غزل)

مرا محفل میں وہ محتاط لہجہ بھی تمہیں جانم

مری خلوت کی سرگوشی کا چرچا بھی تمہیں جانم

تصور بھی تخیل بھی تمنا بھی تمہیں جانم

سفینہ بھی تلاطم بھی ہو دریا بھی تمہیں جانم

نظر سے مارتے ہو اور ہونٹوں سے جلاتے ہو

مرے قاتل بھی تم میرے مسیحا بھی تمہیں جانم

یہ کیا منظر دکھایا مجھ کو آئینے نے حیران ہوں

مرے خد خال میرا قد بھی چہرہ بھی تمہیں جانم

مری گفتار کا محور مری تخئیل کا مرکز

تکلم بھی تلفظ بھی ہو لہجہ بھی تمہیں جانم

کسی سے دشمنی کی اور نہ یاری (غزل)

کسی سے دشمنی کی اور نہ یاری

ادھوری زندگی ہم نے گزاری

نہ منظر کوئی آنکھوں میں بسایا

نہ خوشبو کوئی سانسوں میں اتاری

دعا کے لفظ کنکر بن گئے ہیں

مرے اندر ہے کیسی سنگساری

شہر کی رونقیں اچھی بہت ہیں

پر اپنے گھر کی ویرانی ہے پیاری

وہی تو جیت کا احساس ہے اک

جو بازی جان کر ہم نے ہے ہاری

ہمیں خدشہ تھا جس کے ڈوبنے کا

اسی نے ناؤ سب کی پار اتاری

الاؤ جل رہے ہیں اندر اندر

ہوئی باہر ہے شاید برف باری

حجابؔ آیا تھا دل میں دھیرے دھیرے

مگر یک لخت آئی بے قراری