شاہجہاں بانو یاد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
عقل و دل کو ملا جلا رکھیے (غزل)
عقل و دل کو ملا جلا رکھیے
ضابطے میں بھی رابطہ رکھیے
دوسرا شہر دوسرے ساتھی
دل بھی سینے میں دوسرا رکھیے
بند کر لیجے در سب آنکھوں کے
ذہن اپنا مگر کھلا رکھیے
اتنے پتھر نہ پھینکیے صاحب
واپسی کا تو راستہ رکھیے
کچھ بھی جینے کی آرزو ہے اگر
جان دینے کا حوصلہ رکھیے
دن سدا ایک سے نہیں رہتے
رات آئے گی کچھ بچا رکھیے
جو ہمارے ہوئے نہ اپنے یادؔ
ایسے لوگوں کو یاد کیا رکھیے
وفا پرست جہان وفا کو لے ڈوبے (غزل)
وفا پرست جہان وفا کو لے ڈوبے
عجیب بات ہے بندے خدا کو لے ڈوبے
یہ کالی کالی گھٹا جو برسنے والی ہے
مزہ تو جب ہے کسی پارسا کو لے ڈوبے
سفینے یہ تو نہیں ہیں جو ہیں کناروں پر
سفینے وہ تھے جو موج بلا کو لے ڈوبے
تمام اہل نظارہ کی لاج رکھ لے گی
وہ اک نظر جو کسی کی ادا کو لے ڈوبے
یہ کیسے کیسے ریاکار ہیں زمانے میں
سزا کے نام سے چونکے جزا کو لے ڈوبے
بجا ہے شان کریمی یہ سب غرور مگر
یہی غرور تو اہل خطا کو لے ڈوبے
ہمیشہ یاد ہمیں تک رہے ہمارے غم
وہ دوست کیا جو کسی ہم نوا کو لے ڈوبے