پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شاہدہ حسن کی غزلیں — Shahida Hasan Ghazals

شاہدہ حسن کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

سلیقہ عشق میں میرا بڑے کمال کا تھا (غزل)

سلیقہ عشق میں میرا بڑے کمال کا تھا

کہ اختیار بھی دل پر عجب مثال کا تھا

میں اپنے نقش بناتی تھی جس میں بچپن سے

وہ آئنہ تو کسی اور خط و خال کا تھا

رفو میں کرتی رہی پیرہن کو اور ادھر

گماں اسے مرے زخموں کے اندمال کا تھا

یہ اور بات کہ اب چشم پوش ہو جائے

کبھی تو علم اسے بھی ہمارے حال کا تھا

محبتوں میں میں قائل تھی لب نہ کھلنے کی

جواب ورنہ مرے پاس ہر سوال کا تھا

درخت جڑ سے اکھڑنے کے موسموں میں بھی

ہوا کا پیار شجر سے عجب کمال کا تھا

کتاب کس کی مسافت کی لکھ رہی ہے ہوا

یہ قرض اس کی طرف کس کے ماہ و سال کا تھا

احساس تو مجھی پہ کر رہی ہے (غزل)

احساس تو مجھی پہ کر رہی ہے

چھوکر جو ہوا گزر رہی ہے

جس نے مجھے شاخ پر نہ چاہا

خوشبو مری اس کے گھر رہی ہے

بے سمتیٔ اشک کی ندامت

اس بار بھی ہم سفر رہی ہے

ٹھہرا ہے وہ جب سے رہ گزر میں

مٹی مری رقص کر رہی ہے

چپکے سے گھڑی مسافرت کی

دہلیز پہ پاؤں دھر رہی ہے

تارے بھی نظر نہ آئیں گھر میں

آنکھ ایسی گھڑی سے ڈر رہی ہے

ٹوٹا ہوا عکس لے کے لڑکی

آئینے میں پھر سنور رہی ہے

مزید غزلیں از شاہدہ حسن ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں