شاہدہ دلاور شاہ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
دریا کی مسافت نے زمیں کا نہیں چھوڑا (غزل)
دریا کی مسافت نے زمیں کا نہیں چھوڑا
یک طرفہ محبت نے کہیں کا نہیں چھوڑا
صدیوں ہوئی تہذیب سزا اور جزا کی
اک سجدۂ سرمست نے دیں کا نہیں چھوڑا
تصویر لگی رہ گئی دیوار کھنڈر پر
جو رشتہ مکاں سے تھا مکیں کا نہیں چھوڑا
سو روپ تھے وحدت میں بھی اس پارہ صفت کے
پر ہم کو بت دل نے یقیں کا نہیں چھوڑا
عشاق چلے آئے ہتھیلی پہ لیے سر
وہ حسن طلب تھا کہ نہیں کا نہیں چھوڑا
محکوم و تہی دست جو حق مانگنے نکلے
پھر تخت بھی اس تخت نشیں کا نہیں چھوڑا
جب ہاتھوں سے رخصت ہوئیں محبوب دعائیں
قطرے کو بھی محراب جبیں کا نہیں چھوڑا
خوابوں سا کوئی خواب بنانے میں لگی ہوں (غزل)
خوابوں سا کوئی خواب بنانے میں لگی ہوں
اک دشت میں ہوں پیاس بجھانے میں لگی ہوں
بتلاؤ کوئی اسم مجھے رد بلا کا
میں آخری کردار نبھانے میں لگی ہوں
وہ صحن میں افلاک لیے کب سے کھڑا ہے
میں چھت پہ ہوں بادل کو اڑانے میں لگی ہوں
اک عمر ہوئی پیڑ پہ دو نام لکھے تھے
اک عمر سے وہ نام مٹانے میں لگی ہوں
رکنے نہ کبھی پائے سفر روشنیوں کا
دریا میں چراغوں کو بہانے میں لگی ہوں
جس وقت سے آنے کا سنا ہے ترا گھر میں
چیزوں کو میں رکھنے میں اٹھانے میں لگی ہوں
جلتا بھی ہے بجھتا بھی ہے اڑتا بھی ہے جگنو
سورج کو یہ احساس دلانے میں لگی ہوں
بجھنے کو ہے اب خالی دیا عمر رواں کا
میں ہوں کہ ہواؤں کو منانے میں لگی ہوں