شاہ میر رائے چوٹی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اے دل پچھان تن کو تیرا ہے سرا یہی (غزل)
اے دل پچھان تن کو تیرا ہے سرا یہی
ماوا یہی معاد یہی ملتجا یہی
پہچان لے تو جینے تک اس تن کی ماہیت
مقصد یہی مراد یہی مدعا یہی
نابوج اپنے تن کو ہوئے ہیں بہت خراب
غفلت یہی حجاب یہی اور عمیٰ یہی
کامل ہیں معرفت میں وہ کہتے ہیں تن کی بات
مبدا یہی معاد یہی منتہا یہی
ہے تاجران طالق معنی کو بے گماں
دریا یہی جہاز یہی ناخدا یہی
جو طالبان نقد حقیقت ہیں ان کے تئیں
پارس یہی تجار یہی کیمیا یہی
جامع ہے تن ترا یہ مجاز حقیق ہے
پانی یہی سراب یہی اور ہوا یہی
اس تن کو حق سمجھ کے تو مشغول رہ مدام
روزہ یہی نماز یہی اور دعا یہی
کہتا ہے میرؔ پیر کے ارشاد سوں نہ آپ
اللہ یہی رسول یہی رہنما یہی
تیرا خدا ہے جو کہ ترے سے جدا نہیں (غزل)
تیرا خدا ہے جو کہ ترے سے جدا نہیں
جو کوئی جدا ہے تجھ سے او تیرا خدا نہیں
ہے آفتاب روز سے یک دم نہیں جدا
گر ہو جدا تو جان وہ شمس الضحیٰ نہیں
تیرا نبی نہیں ہے ترے سے علیٰحدہ
جو ہے علیٰحدہ وہ پیمبر ترا نہیں
جیسا کہ اصل چھاؤں سے یک دم نہیں جدا
گر ہو جدا تو اصل اوس چھاؤں کا نہیں
جو رہنما ترا ہے ترے ساتھ ہے مدام
گر ہو نہ تیرے ساتھ ترا رہنما نہیں
بیدلؔ کے ساتھ جو کہ رہے دل ربا مدام
نا ہو اگر وہ ساتھ ترا دل ربا نہیں
کہتے ہیں جس کو خلق محمد وہ ہے خدا
یعنی خدا جدا و محمد جدا نہیں