پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شاہ خاموش صابری کی غزلیں — Shah Khamosh Sabri Ghazals

شاہ خاموش صابری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

حمد خدائے پاک زباں پر جو لائیں ہم (غزل)

حمد خدائے پاک زباں پر جو لائیں ہم

یا نعت مصطفیٰ میں اگر لب ہلائیں ہم

شرط ادب یہی ہے کہ یارو ہزار بار

مشک اور گلاب سے یہ دہن کو دھلائیں ہم

جس بارگاہ پاک کا درباں ہے جبرئیل

اپنے بڑے نصیب وہ در تک بھی جائیں ہم

اعمال بد ہمارے بھلا کیا ہمارا منہ

ہے بات شرم کی وہاں کیا منہ دکھائیں ہم

ہے یہ بڑا ارادہ مبارک مدینے میں

روضے کے روبرو یہ قصیدہ سنائیں ہم

گمنامی ہماری ہے یہی نام ہمارا (غزل)

گمنامی ہماری ہے یہی نام ہمارا

آغاز ہمارا ہے نہ انجام ہمارا

سامان توکل ہے سرانجام ہمارا

تکلیف ہماری ہے ہے آرام ہمارا

ہم عشق کے بندے ہیں سنو شیخ و برہمن

کیا تم سے کہیں کفر ہے اسلام ہمارا

صحرا میں رہیں باغ میں کاہے کو چلیں ہم

گلشن میں نہ ہو جبکہ وہ گلفام ہمارا

بخت اپنے تو فرخندہ بنے روز ازل سے

کیا کر سکے اب گردش ایام ہمارا

اسلام قوی ہووے گا اس وقت اے خاموشؔ

جس وقت کہ بن جاوے گا دل رام ہمارا

مزید غزلیں از شاہ خاموش صابری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں