پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شاہدہ لطیف کی غزلیں — Shahida Lateef Ghazals

شاہدہ لطیف کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

رواجوں میں رواداری بہت ہے (غزل)

رواجوں میں رواداری بہت ہے

یہاں رشتوں کی بیماری بہت ہے

بہت ہی ٹوٹ کر ملتی ہے دنیا

مگر اس میں اداکاری بہت ہے

کہیں پہچان میں دھوکہ نہ کھانا

کہ چہروں پر ریا کاری بہت ہے

اٹھا لیں گے کرن کا بوجھ کل ہم

ابھی یہ رات ہی بھاری بہت ہے

مگر ہے شرط سانسوں کی ضمانت

سفر کی یوں تو تیاری بہت ہے

نظر پکار رہی ہے تمہی چلے آؤ (غزل)

نظر پکار رہی ہے تمہی چلے آؤ

مری حیات مری زندگی چلے آؤ

یہ سونا سونا سا آنگن پکارتا ہے تمہیں

بہت گھنیری ہے یہ تیرگی چلے آؤ

غرور ظلمت شب تم ہی توڑ سکتے ہو

بنوں چراغ کی تم روشنی چلے آؤ

یہ ہونٹ سوکھ نہ جائیں تمہیں صدا دے کر

بچھڑ نہ جائے کہیں ہر خوشی چلے آؤ

ان آشناؤں میں نا آشنا ہیں لوگ تمام

کہاں چھپے ہو مرے اجنبی چلے آؤ

تمہارا ساتھ نبھائے گی شاہدہؔ ہر دم

کرو گے تم ہی مری رہبری چلے آؤ

بارشیں بادل گھٹائیں (نظم)

بارشیں بادل گھٹائیں

سنسناتی یہ ہوائیں

یہ پھواریں

یہ مہک مٹی کے سوندھے جسم کی

کتنا پیارا ہے یہ سب کچھ

پڑھ رہی ہوں اس دریچے سے

میں موسم کی خبر

ہاں مگر

یہ تو تم بھی جانتے ہو

دل کا موسم اور ہے

مزید غزلیں از شاہدہ لطیف ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں