شاہ حسین نہری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اگر بات تیری ہو پیاری لگے (غزل)
اگر بات تیری ہو پیاری لگے
جو ہو بات کرنا تو بھاری لگے
ترے ہاتھ ہی سے عطا ہو جو تیری
تو تھوڑی سی بھی مجھ کو ساری لگے
دم صبح تارے سے سورج نشاں
انہیں برگ گل کی عماری لگے
کوئی چاہے لوٹے مزے یاں کے یاں
مجھے زندگی مرگ یاری لگے
سمندر سے پیاسے کو اے شاہؔ جی
مزا ندیوں کا بھی کھاری لگے
آنے جانے کا ہے یہ رستہ کیوں (غزل)
آنے جانے کا ہے یہ رستہ کیوں
ہے بچھڑنا اگر تو ملنا کیوں
ہاتھ آیا تو پھر پرندہ کیا
اور اڑا جو کہیں تو میرا کیوں
کس فرشتے کی بات کرتے ہو
جب برا ہی نہیں وہ اچھا کیوں
ہو کے ناراض مجھ سے کہتے ہیں
ظلمتوں کے لئے ہو خطرہ کیوں
کیوں نہیں دیکھتا ہوا کا رخ
شاہؔ بنتا ہے پھر نشانہ کیوں
آج وہ حادثہ پھر ہوا (نظم)
آج وہ حادثہ پھر ہوا
ساری آوارہ گمراہیاں
یک بیک اس پہ آ پڑیں
بوجھ سا بوجھ تھا
لڑکھڑاتے قدم اور کراہیں
سنبھلنے کی کوشش
پھر اک چیخ
بچہ
بہت بھیڑ تھی
اک تماشا ہوا
کان پر جوں نہ رینگی کسی کے
بوجھ سے جسم مانوس ہو جائے گا
ایک آواز کی گونج
لیکن
چٹختی ہوئی ہڈیاں
خون آلودہ گھٹنے
وہ سب حادثے اس سے پہلے کے سب حادثے
آخری حادثہ
کیا یہی حادثہ تھا