پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شاہ آثم کی غزلیں — Shah Aasim Ghazals

شاہ آثم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بندۂ عشق ہوں جز یار مجھے کام نہیں (غزل)

بندۂ عشق ہوں جز یار مجھے کام نہیں

خواہش ننگ نہیں کچھ ہوس نام نہیں

مذہب عشق کا یہ ڈھنگ نرالا دیکھا

کچھ وہاں تذکرۂ کفر اور اسلام نہیں

عشق کو جانتا ہوں دین و ایمان اپنا

غیر معشوق پرستی مجھے کچھ کام نہیں

کعبۂ جاں ہے مرا کوچۂ جاناں یارو

سجدۂ دیر و حرم سے مجھے کچھ کام نہیں

صید مرغ دل عاشق لیے اے دلبر

خال ہے دانہ اور یہ زلف کم از دام نہیں

درد دل نے ہمیں کیا کیا ہے چکھائی لذت

اس لیے دل کو مرے خواہش آرام نہیں

مذہب عشق میں آ کر کے ہمیں اے آثمؔ

شاہ خادم کے سوا اور سے کچھ کام نہیں

کون و مکاں میں یارو آباد ہیں تو ہم ہیں (غزل)

کون و مکاں میں یارو آباد ہیں تو ہم ہیں

اس ارض اور سما کی بنیاد ہیں تو ہم ہیں

وحدت سے تا بہ کثرت سب سے ظہور اپنا

گر ایک ہیں تو ہم ہیں ہفتاد ہیں تو ہم ہیں

سب مرز بوم عالم ہے جلوہ گاہ اپنی

ویران ہیں تو ہم ہیں آباد ہیں تو ہم ہیں

اقلیم خیر و شر میں ہے حکم اپنا جاری

گر داد ہیں تو ہم ہیں بیداد ہیں تو ہم ہیں

اس گلشن جہاں میں سب ہے بہار اپنی

گر قمری ہیں تو ہم ہیں شمشاد ہیں تو ہم ہیں

ہیں جوہر اپنے یارو ہر رنگ میں نمایاں

گر تیغ ہیں تو ہم ہیں جلاد ہیں تو ہم ہیں

ہے دست گاہ اپنی سب شے میں کار فرما

گر فصد ہیں تو ہم ہیں فصاد ہیں تو ہم ہیں

یہ دارگیر عالم سب اپنی حالتیں ہیں

گر دام ہیں تو ہم ہیں صیاد ہیں تو ہم ہیں

یہ راز ہم نے آثمؔ خادم صفی سے پایا

گر رشد ہیں تو ہم ہیں ارشاد ہیں تو ہم ہیں

مزید غزلیں از شاہ آثم ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں