پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شاہ عالم رونق کی غزلیں — Shah Aalam Raunaq Ghazals

شاہ عالم رونق کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اک سمندر ہے میری آنکھوں میں (غزل)

اک سمندر ہے میری آنکھوں میں

غم کا منظر ہے میری آنکھوں میں

تم ستاروں کی بات کرتے ہو

سارا امبر ہے میری آنکھوں میں

جس نے رنج و الم دئے ہیں مجھے

وہ ستم گر ہے میری آنکھوں میں

یوں تو پردیس میں ترقی ہے

پر مرا گھر ہے میری آنکھوں میں

میرے خوابوں کا قتل کرنے کو

کوئی خنجر ہے میری آنکھوں میں

تو کسی اور کا نہ ہو جائے

بس یہی ڈر ہے میری آنکھوں میں

تم کو دل میں دکھائی دے یا نہ دے

زخم اندر ہے میری آنکھوں میں

سچ تو یہ ہے کے آج بھی رونقؔ

اک قلندر ہے میری آنکھوں میں

مجھ کو زندگانی سے تلخیاں نہیں ہوتیں (غزل)

مجھ کو زندگانی سے تلخیاں نہیں ہوتیں

ہاتھ میں اگر میرے ڈگریاں نہیں ہوتیں

باغباں نے خود اپنا اعتبار کھو ڈالا

اس لئے بغیچے میں تتلیاں نہیں ہوتیں

ہر غریب میں ان کو خامیاں نظر آئیں

بس امیر لوگوں میں خامیاں نہیں ہوتیں

زخم کے لیے آخر اک زبان کافی ہے

ہر کسی کے ہاتھوں میں برچھیاں نہیں ہوتیں

بد دعاؤں سے بچ کر آدمی رہے ورنہ

مفلسوں کی آہوں میں سسکیاں نہیں ہوتیں

کیا پتہ انہیں کیسے جنم دن مناتے ہیں

جن گھروں میں کھانے کو روٹیاں نہیں ہوتیں

خوش نصیب ہیں جن کو رحمتیں ملیں رونقؔ

ہر کسی کی قسمت میں بیٹیاں نہیں ہوتیں

مزید غزلیں از شاہ عالم رونق ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں