پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شگفتہ شفیق کی غزلیں — Shagufta Shafiq Ghazals

شگفتہ شفیق کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

رحمتوں سے گھر سجانے ماہ رمضاں آ گیا (غزل)

رحمتوں سے گھر سجانے ماہ رمضاں آ گیا

سیدھے رستے پر چلانے ماہ رمضاں آ گیا

اس کی رونق اور بہاریں دیکھتے ہیں چار سو

بیکلی اور دکھ مٹانے ماہ رمضاں آ گیا

روزے کی برکت کا یارو ماجرا ہی اور ہے

خیر کے لے کر خزانے ماہ رمضاں آ گیا

گونجتی ہیں ہر طرف قرآن کی ہی آیتیں

نیکیوں میں دن بتانے ماہ رمضاں آ گیا

دل کی اپنی سب مرادیں پیارے رب سے مانگ لو

کھل گئے رب کے خزانے ماہ رمضاں آ گیا

مسجدیں آباد ہیں پھر مومنوں کے دم سے یوں

رب کو اپنے پھر منانے ماہ رمضاں آ گیا

دل شگفتہؔ کا تڑپ کے کہہ رہا ہے آج یہ

رنج و غم جی سے بھلانے ماہ رمضاں آ گیا

میرے تو گھر میں رہتے ہیں موسم کمال کے (غزل)

میرے تو گھر میں رہتے ہیں موسم کمال کے

اللہ کرے نہ آئیں کبھی دن زوال کے

اتنا بڑا کیا ہے اسی نے تو پال کے

آنے نہ دے جو پاس مرے دن ملال کے

اک یاد تیری ساتھ تھی اب وہ بھی ڈھل گئی

قصے پرانے ہو گئے میرے گلال کے

دل کو بہت سکون اسے دیکھ کے ملا

خوش باش ہیں وہ خوب مجھے بھول بھال کے

دنیا کی بات چھوڑیئے قصہ یہ گھر کا ہے

دن جا چکے ہیں لوٹ کے رنج و ملال کے

آنسو بہا کے باپ نے بیٹے سے یہ کہا

کیا مل گیا تجھے مری پگڑی اچھال کے

میں سوچتی ہوں کیسی شگفتہؔ یہ بات ہے

اب تو پہاڑ بن گیا غم پال پال کے

کس قدر جھگڑتا ہے (نظم)

کس قدر جھگڑتا ہے

روز روز لڑتا ہے

پھر بھی جانے کیوں آخر

مجھ سے روٹھ کر اکثر

جب بھی گھر سے جاتا ہے

بہت یاد آتا ہے

خود کو ڈانٹتی ہوں میں

ساری غلطیاں اس کی

رکھ کے اپنے کھاتے میں

ہنس کے بات کرتی ہوں

یہ ہی میرا شیوہ ہے

کہ میں ہوں مشرقی بیوی

مزید غزلیں از شگفتہ شفیق ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں