پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شگفتہ نعیم ہاشمی کی غزلیں — Shagufta Naim Hashmi Ghazals

شگفتہ نعیم ہاشمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہم جو گھبرائیں زمانے سے تو گھر جاتے ہیں (غزل)

ہم جو گھبرائیں زمانے سے تو گھر جاتے ہیں

جن کے گھر ہی نہیں ہوتے وہ کدھر جاتے ہیں

ساری باتوں کی ہے اک بات کہ کچھ باتوں سے

دل میں اترے ہوئے بھی دل سے اتر جاتے ہیں

دعوے کرتے ہیں وہی لوگ جو کچھ کرتے نہیں

جن کو کرنا ہو وہ کہتے نہیں کر جاتے ہیں

ہم کو ہے ناز بہت ضبط پہ اپنے لیکن

دل اگر ٹوٹے تو پھر اشک بپھر جاتے ہیں

صورت حال نے صورت ہی بدل کے رکھ دی

لوگ حیران سے تکتے ہیں جدھر جاتے ہیں

ہم تو وہ ہیں کہ اگر بحر سجل میں اتریں

ناؤ جس رخ ہو تعاقب میں بھنور جاتے ہیں

زندگی موت کے پہلو میں سمٹ جائے گی

جب بھی یہ سوچتے ہیں سوچ کے مر جاتے ہیں

ہندسوں کے بدلنے سے تقدیر نہ بدلے گی (غزل)

ہندسوں کے بدلنے سے تقدیر نہ بدلے گی

چہرہ جو نہ بدلا تو تصویر نہ بدلے گی

جب ہونی اٹل ہو تو پھر ہو کے ہی رہتی ہے

جو لوح پہ لکھی ہے تحریر نہ بدلے گی

بدلو گے خیالوں کو تو خواب بھی بدلیں گے

جب خواب نہ بدلے تو تعبیر نہ بدلے گی

لہجہ بھی ذرا اپنا تھوڑا سا بدل دیکھیں

لفظوں کے بدلنے سے تاثیر نہ بدلے گی

اس ذہنی غلامی سے چاہو گے تو نکلو گے

غلمان نہ بدلے تو زنجیر نہ بدلے گی

تم آپ اگر اپنی عزت نہ کرو گے تو

نظروں میں زمانے کی توقیر نہ بدلے گی

آپ کو بھولنے کی عادت ہے (نظم)

آپ کو بھولنے کی عادت ہے

یہ رویہ بڑا ہی مثبت ہے

وہ جو اکثر ہی بھول جاتا ہے

بھول جاتا ہے غم سے ناطہ ہے

بھول جانے کی یہ جو کثرت ہے

ایک کل تھا کہ جو گزر بھی گیا

ایک کل ہے ابھی نہیں آیا

آج میں جینے پہ جو قدرت ہے

جو برا وقت پیچھے گزرا ہو

وہ تو ماضی کا ایک حصہ ہے

جو کہے آج ہی حقیقت ہے

غم تو اس زندگی کا حصہ ہیں

آپ کا میرا سب کا قصہ ہیں

غم میں رونا تو سب کی فطرت ہے

جب اکیلے ہوں خود سے بات کریں

اپنی تنہائی کا نہ رنج کریں

گر یہ سمجھیں کہ یہ غنیمت ہے

وقت کو وقت سے چرا لینا

خود سے خود کو کبھی ملا لینا

قیمتی بس وہی تو ساعت ہے

مزید غزلیں از شگفتہ نعیم ہاشمی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں