پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شاغل قادری کی غزلیں — Shaghil Qadri Ghazals

شاغل قادری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کب مجھے طالع ناساز پہ رونا آیا (غزل)

کب مجھے طالع ناساز پہ رونا آیا

دل ناداں کی تگ و تاز پہ رونا آیا

اس کی پرسش پہ جو دیکھا متبسم مجھ کو

رازداں کو مرے انداز پہ رونا آیا

آج صیاد کو بھی اپنے گرفتاروں کی

جانے کیوں کوشش پرواز پہ رونا آیا

آ گیا سامنے انجام تڑپ اٹھا دل

اپنے افسانے کے آغاز پہ رونا آیا

منحصر اشک کی دو بوند پہ تھا جس کا بھرم

مجھ کو اے قادریؔ اس راز پہ رونا آیا

وفا کے داغ کو دل سے مٹا نہیں سکتا (غزل)

وفا کے داغ کو دل سے مٹا نہیں سکتا

یہ وہ چراغ ہے طوفاں بجھا نہیں سکتا

مجھے کچھ ایسی پلائی ہے چشم ساقی نے

سرور جس کا کبھی دل سے جا نہیں سکتا

کسی کی چین جبیں کو سمجھ دل مضطر

خفا وہ ہیں کہ تو الفت چھپا نہیں سکتا

قفس قفس ہے گلوں سے سجا کرے صیاد

چمن کا لطف اسیری میں آ نہیں سکتا

کبھی اس اجڑے چمن میں بہار آئے گی

یہ قادریؔ کے گماں میں بھی آ نہیں سکتا

مزید غزلیں از شاغل قادری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں