پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شاغل عثمانی کی غزلیں — Shaghil Usmani Ghazals

شاغل عثمانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

نہ سنے جب کوئی فریاد تو فریاد نہ کر (غزل)

نہ سنے جب کوئی فریاد تو فریاد نہ کر

عزت نفس بڑی چیز ہے برباد نہ کر

شکوۂ جور و تغافل دل ناشاد نہ کر

وہ تجھے بھول گیا تو بھی اسے یاد نہ کر

دم نکلتا ہے نکل جائے بلا سے بلبل

آشیانے کے لئے منت صیاد نہ کر

کھینچ کر منہ سے زباں توڑ کے دونوں بازو

یوں تو صیاد گرفتار کو آزاد نہ کر

ہم وفا کیش وفادار رہیں گے لیکن

اے جفا کوش جفا کر مگر ایجاد نہ کر

باغباں کاش کہے فصل خزاں سے اتنا

دولت حسن خداداد کو برباد نہ کر

آپ کے خوف ہیں بے لوث ہیں جب بندہ نواز

پھر یہ کیوں کہتے ہیں شاغلؔ سے کہ فریاد نہ کر

عشق صادق ہو تو خوددار نما ہوتا ہے (غزل)

عشق صادق ہو تو خوددار نما ہوتا ہے

خضر بھی ورنہ جو مل جائے تو کیا ہوتا ہے

اور تو آپ سے اے واعظو کیا ہوتا ہے

ایک لے دے کے جہنم کا بھلا ہوتا ہے

دل جو آمادۂ اظہار جفا ہوتا ہے

خندہ زن شیوۂ ارباب وفا ہوتا ہے

بت بنے بیٹھے ہیں بت کہئے تو ہوتے ہیں خفا

یہ سمجھتے ہیں کہ پتھر تو خدا ہوتا ہے

کبھی اس پھول کو چھیڑا کبھی اس کو جھٹکا

اور کیا کام ترا باد صبا ہوتا ہے

عرصۂ عشق نہیں اہل ہوس کا میداں

ذکر خنجر ہی سے دم ان کا فنا ہوتا ہے

دین کی آڑ میں دنیا کو کمانے والے

دیکھنا حشر کے میدان میں کیا ہوتا ہے

آج اس در پہ ہے کل اس پہ ہے پرسوں اس پر

مال و اقبال حقیقت میں گدا ہوتا ہے

دیکھ کر رنگ حریفان زمانہ شاغلؔ

شکوہ ہوتا ہے مگر شکوے سے کیا ہوتا ہے

مزید غزلیں از شاغل عثمانی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں