شاغل ادیب کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
چراغ درد جلاؤ کہ روشنی کم ہے (غزل)
چراغ درد جلاؤ کہ روشنی کم ہے
جنوں کی بزم سجاؤ کہ روشنی کم ہے
نہ چھیڑو ذکر تعفن بھرے زمانے کا
گلاب زخم کھلاؤ کہ روشنی کم ہے
نہ جانے چھپ گئی منزل کہاں اندھیروں میں
مرے قریب تر آؤ کہ روشنی کم ہے
تمہارے شہر کی شاید ہے صبح شب پرور
یہ کیا ہے ورنہ بتاؤ کہ روشنی کم ہے
نہ بزم فکر ہے روشن نہ جام دل لبریز
غموں کا زہر پلاؤ کہ روشنی کم ہے
صدا یہ دیتا ہے شاغلؔ رہ وفا سے کون
لہو جگر کا جلاؤ کہ روشنی کم ہے
اب بھی اک واردات باقی ہے (غزل)
اب بھی اک واردات باقی ہے
دن ہوا قتل رات باقی ہے
ہو گئی دفن آس کی دلہن
درد و غم کی برات باقی ہے
کیا ہوا ساتھ آپ نے چھوڑا
غم زدہ دل کا سات باقی ہے
زندگی گو نہیں ہے شہروں میں
جنگلوں میں حیات باقی ہے
بات تو ہو چکی تھی ختم مگر
جانے کیوں پھر بھی بات باقی ہے
رنج سہنے کے واسطے شاغلؔ
اک ہماری ہی ذات باقی ہے
یہ آج کیا ہے (نظم)
یہ آج کیا ہے
کبھی تم نے سوچا بھی ہے
یہ آج
تاریخ ہے اپنی تہذیب کی
اپنے انمول ماضی کی میراث ہے
پیغام ہے
اپنے مستقبل تابناک و ضیا پاش کا
اپنے فردا کی خوش رنگ تعبیر ہے
صرف اک نہیں آج ہی
ہے یہ ماضی کی انمول میراث بھی
ہے یہ فردا کی
خوش رنگ تعبیر بھی