پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شفقت تنویر مرزا کی غزلیں — Shafqat Tanveer Mirza Ghazals

شفقت تنویر مرزا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہمارے پاس تھا جو کچھ لٹا کے بیٹھ رہے (غزل)

ہمارے پاس تھا جو کچھ لٹا کے بیٹھ رہے

دیار دل میں قیامت اٹھا کے بیٹھ رہے

وہاں جہاں پر اندھیروں کا کارواں اترا

کسی امید پہ شمعیں جلا کے بیٹھ رہے

تمہارے ہجر میں جو کچھ گزر گئی گزری

تمہارے وصل میں ہم گھر جلا کے بیٹھ رہے

کہاں کے دار و رسن اور کیا شہید وفا

یہ کاروبار بھی کل پھر اٹھا کے بیٹھ رہے

خبر نہ تھی کہ زماں آشکار تھے جو کبھی

وہ پردہ دار تو چلمن گرا کے بیٹھ رہے

کڑکتی دھوپ میں دشت سفر سے گھبرا کر

فصیل شہر کے سائے میں آ کے بیٹھ رہے

زمانہ کچھ تو کہے ان سے جو بہ حیلۂ دل

کسی کی بزم سے ہم کو اٹھا کے بیٹھ رہے

گری ہے گھر کی کڑی پر کڑی تو گھر والے

غبار شرم میں چہرے چھپا کے بیٹھ رہے

وہ طفل مکتب رسم وفا ہمیں تو نہ تھے

جو اپنی یادوں کا میلہ لگا کے بیٹھ رہے

ہے بازگشت ہی شاید مری فغاں کا جواب

''خدا'' تو اپنی ہی قبروں پہ جا کے بیٹھ رہے

وہ نا خدا تھے زمانے میں معتبر جو سدا

سمندروں میں سفینے بہا کے بیٹھ رہے

قربت حسن میں بھی درد کے آثار ملے (غزل)

قربت حسن میں بھی درد کے آثار ملے

چارہ گر عشق کے مرہم کے طلب گار ملے

دست و پا اپنے تو وابستۂ زنجیر سہی

اک تمنا تھی کوئی صاحب و مختار ملے

ہاں جنوں خیزیٔ دل رہن مسرت نہ ہوئی

خوش ہوئی وحشت غم جب رسن و دار ملے

خاک اڑائیں کہ نئے شہر بسائیں یارو

ہم بہ ہر رنگ ہر اک شوق سے بیزار ملے

ہم ہیں اس کار گہ شیشہ گراں میں حیراں

آئنہ تاب نظارہ کے طلب گار ملے

شوق بے منت احسان دگر کیا کہئے

خود سے اس شوق میں ہم بر سر پیکار ملے

دشت مجنوں تھا کوئی تیشہ فرہاد کوئی

عشرت مرگ سہی حیلۂ بے کار ملے

خواہش مرگ در یار تمنا ہی سہی

سر مگر دوش پہ ہم کو بھی گراں بار ملے

شب قیامت سی گزر جاتی ہے تنہائی میں

بخت یاور ہے جسے دیدۂ بے دار ملے

اپنے ہم سایے میں وہ ہے جسے دیکھا بھی نہیں

ایسے ہم سایے کہ دیوار سے دیوار ملے

مزید غزلیں از شفقت تنویر مرزا ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں