پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شفقت بٹالوی کی غزلیں — Shafqat Batalvi Ghazals

شفقت بٹالوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

عمر بھر ڈولتی یادوں کی ضیا سے کھیلے (غزل)

عمر بھر ڈولتی یادوں کی ضیا سے کھیلے

شمع امید لیے تیز ہوا سے کھیلے

ہم نے ہر طرح سے دل خون کیا ہے اپنا

آتش مے سے کبھی جرم وفا سے کھیلے

تو وہ اک آگ جسے ہاتھ لگائے نہ بنے

دل وہ دیوانہ کہ اس سیل بلا سے کھیلے

اڑ گیا رنگ رخ موسم گل کا کیا کیا

خشک پتے جو کبھی باد صبا سے کھیلے

کس نے زنجیر کیا ابر رواں کو شفقت

فصل گل آئی تو ہم اپنی قبا سے کھیلے

وہ تند خو ہی سہی موجۂ خزاں کی طرح (غزل)

وہ تند خو ہی سہی موجۂ خزاں کی طرح

دکھائی دیتا تو ہے ابر مہرباں کی طرح

تمام رات سلگتا رہا زمیں کا بدن

سحر کھلی تو کسی جلتے بادباں کی طرح

تری تلاش میں اب بھی کھلا کہ آنگن میں

رواں ہے چاند کسی برگ نیم جاں کی طرح

میں جل رہا تھا سلگتے سفید صحرا میں

گلے ملا وہ مجھے موجۂ رواں کی طرح

چلیں وہ تند ہوائیں کہ تار تار ہوا

وہ سبز پیڑ کہ لگتا تھا سائباں کی طرح

کہاں پہ چھوڑ گیا قافلہ خیالوں کا

رکا پڑا ہوں کسی نقش بے نشاں کی طرح

برس رہے ہیں فلک سے زمین پر جگنو

فضا اداس ہے شفقتؔ لٹے مکاں کی طرح

مزید غزلیں از شفقت بٹالوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں