پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شفقت علی شفق کی غزلیں — Shafqat Ali Shafaq Ghazals

شفقت علی شفق کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یہ فن یہ علم و ادب بانٹنا ہمارے بعد (غزل)

یہ فن یہ علم و ادب بانٹنا ہمارے بعد

ہمارے نام کو مت پوجنا ہمارے بعد

ہیں دوست اتنے مگر ساتھ کون دیتا ہے

کسی کو آزما کے دیکھنا ہمارے بعد

بتائیں گے تمہیں وہ اہل ادب اہل قلم

ہمارے بارے میں تم پوچھنا ہمارے بعد

ابھی تو رہنے دو جیسا بھی گھر کا نقشہ ہے

ہماری گدی پہ تم بیٹھنا ہمارے بعد

وبال کوئی بھی آئے تو حوصلہ رکھنا

ہمارے نقش قدم ڈھونڈھنا ہمارے بعد

ابھی تو عیش کرو سر پرست زندہ ہے

پہ خواہشات کو تم روکنا ہمارے بعد

ابھی تو زندہ ہیں آ کر ملا کرو یارو

جو بھولنا ہے ہمیں بھولنا ہمارے بعد

جو آج کرتے ہیں ہم کو شفقؔ نظر انداز

کریں گے یاد ہمیں دیکھنا ہمارے بعد

یہ برا دوست ہے ہر ایک کو اچھا نہ سمجھ (غزل)

یہ برا دوست ہے ہر ایک کو اچھا نہ سمجھ

آج بن پرکھے تو اپنوں کو بھی اپنا نہ سمجھ

لوگ اکثر اسی انداز پہ کھاتے ہیں فریب

مسکراہٹ کو محبت کا اشارہ نہ سمجھ

ہم نے ساحل سے بھی اٹھتے ہوئے طوفاں دیکھے

تو کنارے کو بھی محفوظ کنارا نہ سمجھ

میں نے جو کچھ بھی دیا ہے اسے لوٹا نہ مجھے

فرض کو فرض ہی رہنے دے ادھارا نہ سمجھ

فرض انسان کا انسان کے کام آنا ہے

غیر کے درد و الم کو بھی پرایا نہ سمجھ

قدر میں حسن کی کرتا ہوں مگر یاد رہے

میرے اخلاق کو تو حسن کا مارا نہ سمجھ

ہے ابھی تو ترا ہمدرد و بہی خواہ شفقؔ

خود کو تو اتنا بھی مجبور و اکیلا نہ سمجھ

مزید غزلیں از شفقت علی شفق ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں