پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شفیع اللہ راز کی غزلیں — Shafiullah Raz Ghazals

شفیع اللہ راز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہم نہ جائیں گے رہنما کے قریب (غزل)

ہم نہ جائیں گے رہنما کے قریب

لوٹ لے گا ہمیں بلا کے قریب

آب دیدہ ہے عشرت دنیا

کس قدر غم ہیں بے نوا کے قریب

اک پرندہ لپک کے پہنچا تھا

پھر بھی پیاسا رہا گھٹا کے قریب

ظرف دل آزما رہی ہے شراب

جام رکھے ہیں پارسا کے قریب

چشم پر نم وہ آج اٹھے ہیں

کل جو بیٹھے تھے مسکرا کے قریب

ان سے پوچھا کہ زندگی کیا ہے

اک دیا رکھ دیا بجھا کے قریب

فاصلے راز درمیاں ہیں مگر

آدمی پھر بھی ہے خدا کے قریب

دشمنی لرزاں ہے یارو دوستی کے سامنے (غزل)

دشمنی لرزاں ہے یارو دوستی کے سامنے

تیرگی تھرا رہی ہے روشنی کے سامنے

قافلے والوں سے یہ منظر نہ دیکھا جائے گا

راہ بر ہیں سر بسجدہ گمرہی کے سامنے

روح تو تاریکیوں میں غرق ہو کر رہ گئی

جسم البتہ ہے اپنا روشنی کے سامنے

اک نظر بس آپ میرے سامنے آ جائیے

عمر بھر بیٹھا رہوں گا آپ ہی کے سامنے

تیرے دامن میں مہکتے ہیں ہزاروں گلستاں

اور تیرا ہاتھ پھیلا ہے کلی کے سامنے

زندگی میں بارہا ایسے بھی لمحے آئے ہیں

گفتگو شرما گئی ہے خامشی کے سامنے

جو اندھیرے میں مظالم توڑتے رہتے ہیں رازؔ

آ نہیں سکتے وہ ظالم روشنی کے سامنے

مزید غزلیں از شفیع اللہ راز ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں