پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شفیع اللہ خاں جانباز کی غزلیں — Shafiullah Khan Janbaz Ghazals

شفیع اللہ خاں جانباز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

رستے رہتے ہیں زخم سینے میں (غزل)

رستے رہتے ہیں زخم سینے میں

لطف آنے لگا ہے جینے میں

دل پگھلتا ہے اشک ڈھلتے ہیں

آگ سی لگ گئی ہے سینے میں

تیری یادوں کی دھوپ ہوتی ہے

ڈوب جاتے ہیں ہم پسینے میں

اشک بہتے ہیں یاد میں تیری

عکس تیرا ہے ہر نگینے میں

لوٹ لیتے جو ہوش میں رہتے

مال تھا دفن جو دفینے میں

اب یہ عالم ہے حضرت جانبازؔ

ہم نہ مرنے میں ہیں نہ جینے میں

زندگی ہونے لگی درہم کہیں برہم کہیں (غزل)

زندگی ہونے لگی درہم کہیں برہم کہیں

ناچتے ہیں مل کے باہم شعلہ و شبنم کہیں

ہر طرف غارت گری ہے خون کا دریا رواں

خون سے ڈھالی گئی ہے فطرت آدم کہیں

اے خداوند جہاں دنیا میں کیا اندھیر ہے

ہے کہیں ساون یہاں پت جھڑ کا ہے موسم کہیں

چاندنی راتوں میں گم ہے کاروان زندگی

کون جانے کب ملیں گے تم کہیں اور ہم کہیں

اپنی بربادی کا افسانہ نہ ہو جائے عیاں

ساز دل پر چھیڑ دیں نہ حسرتیں سرگم کہیں

ہر قدم جانبازؔ منزل کی طرف اٹھتا تو ہے

دل کے ارماں توڑ دیں نہ راستے میں دم کہیں

مزید غزلیں از شفیع اللہ خاں جانباز ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں