پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شفیق رائے پوری کی غزلیں — Shafique Raipuri Ghazals

شفیق رائے پوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

زندگی بھر کے لئے تجھ سے خفا ہو جاؤں گا (غزل)

زندگی بھر کے لئے تجھ سے خفا ہو جاؤں گا

جو نہ ہوگا ختم میں وہ فاصلہ ہو جاؤں گا

جب کبھی قید مصیبت سے رہا ہو جاؤں گا

دوستوں کے واسطے پھر آشنا ہو جاؤں گا

سوچ لے ظالم ستم کے بعد مایوسی نہ ہو

میرا کیا ہے پیکر و رضا ہو جاؤں گا

وہ برا کہتا ہے مجھ کو شوق سے کہتا رہے

کیا برا کہنے سے اس کے میں برا ہو جاؤں گا

پھیل جاؤں گا فضا میں ہر طرف پھیلا جو میں

اور اگر سمٹا تو تیرا نقش پا ہو جاؤں گا

ڈھونڈھنا خود کو پڑے گا جستجوئے یار میں

کیا خبر تھی اس قدر میں لاپتہ ہو جاؤں گا

میں ابھی دست سکندر میں ہوں پتھر ہوں تو کیا

قید سورج کو کروں گا آئنہ ہو جاؤں گا

میں دیار شوق میں اک کھوٹا سکہ ہوں تو کیا

آپ کے ہاتھوں میں پہنچا تو کھرا ہو جاؤں گا

دن تو جیسے تیسے کٹ جائے گا لیکن اے شفیقؔ

شام ہوتے ہی غموں میں مبتلا ہو جاؤں گا

جو قید اپنی ذات کی تنہائیوں میں تھا (غزل)

جو قید اپنی ذات کی تنہائیوں میں تھا

وہ بھی سمجھ رہا تھا کہ گہرائیوں میں تھا

اک مہر نیمروز تھا اک چودھویں کا چاند

کس درجہ اختلاف مرے بھائیوں میں تھا

اس کا نہیں ملال تماشہ بنے رہے

غم تو یہ ہے کہ وہ بھی تماشائیوں میں تھا

خود مطلبی کے راگ نے بے لطف کر دیا

ورنہ مزہ خلوص کی شہنائیوں میں تھا

میں یوں صراط کرب سے ہنستا گزر گیا

تیرا خیال حوصلہ افزائیوں میں تھا

اب کیا کریں جو دل پہ کسی کے لگا ہو زخم

نشتر ہماری باتوں کی سچائیوں میں تھا

حالانکہ خود شفیقؔ بکھرتا چلا گیا

مصروف پھر بھی انجمن آرائیوں میں تھا

مزید غزلیں از شفیق رائے پوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں