شفیق سلیمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
بے نام دیاروں کا سفر کیسا لگا ہے (غزل)
بے نام دیاروں کا سفر کیسا لگا ہے
اب لوٹ کے آئے ہو تو گھر کیسا لگا ہے
کیسا تھا وہاں گرم دوپہروں کا جھلسنا
برسات رتوں کا یہ نگر کیسا لگا ہے
دن میں بھی دہل جاتا ہوں آباد گھروں سے
سایا سا مرے ساتھ یہ ڈر کیسا لگا ہے
ہونٹوں پہ لرزتی ہوئی خاموش صدا کا
آنکھوں کے دریچوں سے گزر کیسا لگا ہے
آنگن میں لگایا تھا شجر چاؤ سے میں نے
پھلنے پہ جو آیا تو ثمر کیسا لگا ہے
تیز آندھی نے فقط اک سائباں رہنے دیا (غزل)
تیز آندھی نے فقط اک سائباں رہنے دیا
ہم زمیں زادوں کے سر پر آسماں رہنے دیا
لفظ وہ برتے کہ ساری بات مبہم ہو گئی
اک پردہ تھا کہ حائل درمیاں رہنے دیا
آنکھ بستی نے سبھی موسم مسافر کر دیے
ایک اشکوں کی روانی کا سماں رہنے دیا
خون کی سرخی اندھیروں میں اجالا بن گئی
ہم نے ہر صورت چراغوں کو جواں رہنے دیا
صد کمال مہربانی پانیوں نے اس دفعہ
کاغذی کشتی کو لہروں پر رواں رہنے دیا
لاکھ کوشش پر بھی گھر کو گھر نہ کر پائے شفیقؔ
اور پھر ہم نے مکاں کو بس مکاں رہنے دیا