شفیق راز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ممکن ہو اگر تجھ سے اے دوست بھلا دینا (غزل)
ممکن ہو اگر تجھ سے اے دوست بھلا دینا
ہم آگ کے شعلے ہیں ہم کو نہ ہوا دینا
یہ جان تمہاری ہے یہ دل بھی تمہارا ہے
جس وقت بھی تم چاہو دونوں کو مٹا دینا
کیا حسن کی فطرت ہے کیا حسن کا شیوہ ہے
تم سے کوئی پوچھے تو تم میرا پتا دینا
جب دیر و حرم والے آپس میں الجھ جائیں
میخانے کا دروازہ دنیا کو دکھا دینا
اے چارہ گرو تم سے بس اتنی گزارش ہے
بیمار محبت کو مرنے کی دوا دینا
قسمت میں لکھا تھا جو اے رازؔ ہوا پورا
دنیا پہ کہیں کوئی تہمت نہ لگا دینا
مجھ سے مقابلہ جو سر میکدہ پڑا (غزل)
مجھ سے مقابلہ جو سر میکدہ پڑا
ساقی کو بار بار مجھے ٹوکنا پڑا
کتنا بدل گیا ہے مزاج غم حیات
خود کو تری نظر سے ہمیں دیکھنا پڑا
گم اس قدر ہوئے ہیں کسی کے خیال میں
لوگوں سے ہم کو اپنا پتہ پوچھنا پڑا
ہر زاویے سے دل کو مٹانے کے باوجود
ارباب اختیار کو پھر سوچنا پڑا
راہ وفا میں ایسے بھی کچھ موڑ آ گئے
رہبر کا ساتھ مصلحتاً چھوڑنا پڑا
بے جا تکلفات کے قائل نہیں ہیں ہم
تیرا تقاضہ تھا تو ہمیں بولنا پڑا
اے رازؔ ناخداؤں کی نیت کو دیکھ کر
پانی جہاں پہ کم تھا وہیں ڈوبنا پڑا