شفیق خلش کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
بھری محفل میں تنہائی کا عالم ڈھونڈ لیتا ہے (غزل)
بھری محفل میں تنہائی کا عالم ڈھونڈ لیتا ہے
جو آئے راس دل اکثر وہ موسم ڈھونڈ لیتا ہے
کسی لمحے اکیلا پن اگر محسوس ہو دل کو
خیال یار کے دامن سے کچھ غم ڈھونڈ لیتا ہے
کسی رت سے رہے مشروط کب ہیں روز و شب میرے
جہاں جیسا یہ چاہے دل وہ موسم ڈھونڈ لیتا ہے
غم فرقت کا دل کو بوجھ کرنا ہو اگر ہلکا
سنانے کو ترے قصے یہ ہمدم ڈھونڈ لیتا ہے
جدائی کب رہی ممکن کسی حالت کوئی صورت
مجھے محفل ہو تنہائی ترا غم ڈھونڈ لیتا ہے
رہے یوں ناز اپنے ذہن پر لاحق غموں میں بھی
خوشی کا اک نہ اک پہلو یہ تاہم ڈھونڈ لیتا ہے
خیال یار ہی درماں غم فرقت کے زخموں کا
کہ بیتے ساتھ لمحوں سے یہ مرہم ڈھونڈ لیتا ہے
دوست یا دشمن جاں کچھ بھی تم اب بن جاؤ (غزل)
دوست یا دشمن جاں کچھ بھی تم اب بن جاؤ
جینے مرنے کا مرے اک تو سبب بن جاؤ
ہو مثالوں میں نہ جو حسن عجب بن جاؤ
کس نے تم سے یہ کہا تھا کہ غضب بن جاؤ
آ بسو دل کی طرح گھر میں بھی اے خوش الحان
زندگی بھر کو مرا ساز طرب بن جاؤ
رشک قسمت پہ مری سارے زمانے کو رہے
ہم سفر تم جو لئے اپنے یہ چھب بن جاؤ
میں نے چاہا تھا سر صبح جوانی بھی یہی
تم ہی سانسوں کی مہک دل کی طلب بن جاؤ
کچھ تو احساس چھٹے دل سے اندھیروں کا مرے
زیست تاریک کو اک شمع شب بن جاؤ
دل میں رکھتا ہوں محبت کا خزانہ جاناں
چھوڑ کر سارا جہاں میری ہی اب بن جاؤ
ذات قربت سے ہمیشہ ہی منور چاہوں
کب کہا اس سے خلش رونق شب بن جاؤ