پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شفیق جونپوری کی غزلیں — Shafiq Jaunpuri Ghazals

شفیق جونپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

زندگی تجھ سے ہمیں اب کوئی شکوہ ہی نہیں (غزل)

زندگی تجھ سے ہمیں اب کوئی شکوہ ہی نہیں

اب تو وہ حال ہے جینے کی تمنا ہی نہیں

انتہا عشق کی ہے آئنۂ دل پہ مرے

ماسوا اس کے کوئی عکس ابھرتا ہی نہیں

میرے افکار کو دیتی ہے جلا اس کی جفا

غم نہ ہوتے تو یہ قرطاس سنورتا ہی نہیں

مجھ کو حق بات کے کہنے میں تأمل کیوں ہو

میں وہ دیوانہ ہوں جو دار سے ڈرتا ہی نہیں

ہم کہ خوابوں سے بہل جاتے تھے لیکن افسوس

جاگتی آنکھوں سے تو خواب کا رشتہ ہی نہیں

میں کہ سورج ہو ادھر ڈوبا ادھر ابھروں گا

میں وہ تیراک نہیں ہوں جو ابھرتا ہی نہیں

وقت کے ساتھ بدلنے لگا ہر ایک شفیقؔ

جیسے اب مجھ سے کسی کا کوئی رشتہ ہی نہیں

ایسی نیند آئی کہ پھر موت کو پیار آ ہی گیا (غزل)

ایسی نیند آئی کہ پھر موت کو پیار آ ہی گیا

رات بھر جاگنے والے کو قرار آ ہی گیا

خاک میں یوں نہ ملانا تھا مری جاں تم کو

اک وفادار کے دل میں بھی غبار آ ہی گیا

یاد گیسو نے تسلی تو بہت دی لیکن

سامنے رات مآل دل زار آ ہی گیا

کشتۂ ناز کی میت پہ نہ آنے والا

پھول دامن میں لیے سوئے مزار آ ہی گیا

یہ بیاباں یہ شب ماہ یہ خنکی یہ ہوا

اے خزاں تجھ کو بھی انداز بہار آ ہی گیا

آفریں اشک ندامت کی درخشانی کو

اک سیہ کار کے چہرے پہ نکھار آ ہی گیا

بعد منزل بھی نہ محسوس ہوا مجھ کو شفیقؔ

مرحبا صل علیٰ کوچۂ یار آ ہی گیا