شفیق آصف کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
محبت کی کرشمہ سازیاں آواز دیتی ہیں (غزل)
محبت کی کرشمہ سازیاں آواز دیتی ہیں
تری یادوں کی الھڑ شوخیاں آواز دیتی ہیں
مسافر لوٹنا چاہو تو لمحوں میں پلٹ جاؤ
تمہیں ساحل پہ ٹھہری کشتیاں آواز دیتی ہیں
ذرا سی دیر میں موسم بدلنے کا زمانہ ہے
ہوا کے بازوؤں کی چوڑیاں آواز دیتی ہیں
خزاں کے خوف سے سہمے پرندو لوٹ بھی آؤ
تمہیں پھر لہلہاتی ٹہنیاں آواز دیتی ہیں
چلے جاتے ہیں ہم اپنا لہو ایندھن بنانے کو
دھواں دیتی ہوئی جب چمنیاں آواز دیتی ہیں
میں جب بھی شب کے دامن پر کوئی سورج اگاتا ہوں
تری سوچوں کی گہری بدلیاں آواز دیتی ہیں
ذرا سی دیر کو کچھ شادماں لمحے عطا کر دو
ذرا سننا غموں کی تلخیاں آواز دیتی ہیں
شفیقؔ احباب اکثر یاد آتے ہیں ہمیں اب بھی
ہوا کے ساتھ بجتی تالیاں آواز دیتی ہیں
اگر وہ ہم سفر ٹھہریں تو ہم کو ڈر میں رکھتے ہیں (غزل)
اگر وہ ہم سفر ٹھہریں تو ہم کو ڈر میں رکھتے ہیں
بکھر جائیں نہ ہم خود کو مقید گھر میں رکھتے ہیں
ہمیں سیارگاں کی گردشیں معلوم ہیں لیکن
ہم اپنی گردشوں کو اپنے ہی محور میں رکھتے ہیں
سفر کے بعد رہتے ہیں تسلسل میں سفر کے ہم
تلاش رزق کا جذبہ شکستہ پر میں رکھتے ہیں
ہمارا حال دل اب تک کسی پر کھل نہیں پایا
وفور درد کو ہم ضبط کی چادر میں رکھتے ہیں
ہم اہل درد ہیں اپنا تو شیوہ ہی فقیری ہے
جہاں کے درد اپنی ذات کے پیکر میں رکھتے ہیں
کوئی قارون باقی ہے نہ کوئی شاہ اب آصفؔ
وہ کیسے لوگ ہیں خود کو جو قید زر میں رکھتے ہیں