پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شفیق دہلوی کی غزلیں — Shafiq Dehlvi Ghazals

شفیق دہلوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دل ٹوٹ چکا تار نظر ٹوٹ رہا ہے (غزل)

دل ٹوٹ چکا تار نظر ٹوٹ رہا ہے

قسطوں میں مسافر کا سفر ٹوٹ رہا ہے

ہر روز بدلتا ہے نیا رنگ زمانہ

ہر شخص بہ انداز دگر ٹوٹ رہا ہے

تو غور سے دیکھے تو یہ معلوم ہو تجھ کو

جو کچھ ہے ترے پیش نظر ٹوٹ رہا ہے

کیا جانئے کیوں لوگ تشدد پہ اتر آئے

دستار بچاتے ہیں تو سر ٹوٹ رہا ہے

منزل ہے کہ اوجھل ہے نگاہوں سے ابھی تک

رستہ ہے کہ تا حد نظر ٹوٹ رہا ہے

جو وار بھی کرتا ہے وہ کاری نہیں ہوتا

قاتل کا مرے زعم ہنر ٹوٹ رہا ہے

کچھ ایسے شفیقؔ اب کے ہوئے وقت سے پامال

پرواز کا ضامن تھا جو پر ٹوٹ رہا ہے

جیسے صبح کو سورج نکلے شام ڈھلے چھپ جائے ہے (غزل)

جیسے صبح کو سورج نکلے شام ڈھلے چھپ جائے ہے

تم بھی مسافر میں بھی مسافر دنیا ایک سرائے ہے

راز خودی ہے یہ فرزانو بہتر ہے یہ راز نہ جانو

جو خود کو پہچانے ہے وہ دیوانہ کہلائے ہے

فہم و خرد سے جوش جنوں تک ہر منزل سے گزرے ہیں

ہم تو دیوانے ہیں بھائی ہم کو کیا سمجھائے ہے

ہجر کی شب یوں تھپک تھپک کر مجھ کو سلائے تیری یاد

جیسے ماں کی لوری سن کر اک بچہ سو جائے ہے

جب سے تم نے آنکھیں پھیریں سب نے ہی منہ پھیر لیا

ہائے شب ہجراں کیا کہئے شبنم آگ لگائے ہے

کوئی مجھ سے مجھے ملا دے مجھ کو ہے اپنی ہی تلاش

بستی بستی یہ دیوانہ کیسا شور مچائے ہے

جس نے سب کے غم بانٹے ہیں ہم وہ دیوانے ہیں شفیقؔ

یہ وہ دور ہے جس میں ہر اک اپنی آگ بجھائے ہے

مزید غزلیں از شفیق دہلوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں