شفیق احمد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
قدموں کے تیرے بکھرے ہوئے جو نشان ہیں (غزل)
قدموں کے تیرے بکھرے ہوئے جو نشان ہیں
گزری ہوئی بہاروں کے یہ ترجمان ہیں
راہ نجات دور بہت دور ہو گئی
پھر کل کے دوست آج مرے ہم عنان ہیں
اب اور اپنی ذات کی توسیع کیا کریں
ہم خود سمٹ کے آپ زمان و مکان ہیں
گرد و غبار منزل مقصود بن کے ہم
عکس جمال آئنۂ کاروان ہیں
اب اس کھنڈر میں دیپ جلاتے ہو کیوں شفیقؔ
آشاؤں کے محل جو تھے ویراں مکان ہیں
یہ حال ہے مرے دل کا تری نظر کے قریب (غزل)
یہ حال ہے مرے دل کا تری نظر کے قریب
ہو جس طرح سے نشیمن کوئی شرر کے قریب
ضیا ہے دل کے سلگنے کی بام و در کے قریب
شب فراق کھنچ آئی ہے یا سحر کے قریب
مہکتے زخم ادھر ہیں دل و جگر کے قریب
ادھر گلاب ہے بالیں پہ زلف و سر کے قریب
ہے دھوپ گردش دوراں کی تیز کچھ ایسی
کہ اپنا سایہ بھی آتا نہیں ہے ڈر کے قریب
اسے کہیں لب و رخسار مل کے لوٹ نہ لیں
حیات آئی ہے کیوں شبنم و شرر کے قریب
حنائی ہاتھ اٹھے تھے سلام کرنے کو
ہے آنچ ان کی ہمارے دل و جگر کے قریب
گلی گلی میں وہ پھرتا ہے آج آوارہ
کبھی جو آ کے بسا تھا تمہارے گھر کے قریب
نہ جانے کب کوئی اس رہ گزر پہ آ نکلے
جلائے بیٹھے ہیں اک شمع رہ گزر کے قریب
کوئی تو بات ہے بگڑے ہوئے جو تیور ہیں
کہاں سے آ گئے پتھر یہ شیشہ گر کے قریب
وہ ہم نہیں کہ جو بھاگیں بہار کے پیچھے
بہار آتی ہے چل کر ہمارے گھر کے قریب