پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شفیق بریلوی کی غزلیں — Shafeeq Barelvi Ghazals

شفیق بریلوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تجھے کیا بتاؤں میں ہم نشیں مری زندگی کا جو حال ہے (غزل)

تجھے کیا بتاؤں میں ہم نشیں مری زندگی کا جو حال ہے

نہ مسرتوں کی کوئی خوشی نہ غموں کا کوئی ملال ہے

یہ عجب طرح کی ہے زندگی نہ فراق ہے نہ وصال ہے

انہیں چھوڑ دوں یہ روا نہیں انہیں پا سکوں یہ محال ہے

یہ تو سچ ہے ناصح محترم غم دل کا چاہئے کچھ بھرم

نہ ہو مستحق جفا بھی جب تو وفا کی کس کو مجال ہے

مری ہر نظر سے انہیں گلہ ہے عذاب جاں مری ہر ادا

کرم و وفا کا یہ ہے صلہ یہ محبتوں کا مآل ہے

مری بات بات میں عیب ہے مرا ہر خلوص فریب ہے

مرا دل بھی کتنا عجیب ہے مجھے پھر بھی ان کا خیال ہے

جہاں اشک قطرۂ آب ہوں جہاں نالے وجہ عتاب ہوں

وہاں بار بار صدائے غم یہ نیاز غم کا کمال ہے

نہ تو جستجوئے دوائے دل نہ تو چارہ گر کی تلاش ہے (غزل)

نہ تو جستجوئے دوائے دل نہ تو چارہ گر کی تلاش ہے

جو مذاق غم سے ہو آشنا مجھے اس نظر کی تلاش ہے

میں ہوں راہرو میں ہوں کارواں میں ہوں راہبر میں ہوں راہزن

مرے پیچ و خم جو سمجھ سکے مجھے اس خضر کی تلاش ہے

میں عیاں بھی ہوں میں نہاں بھی ہوں میں کہاں نہیں میں کہیں نہیں

جو بتائے مجھ کو مرا پتا مجھے اس خبر کی تلاش ہے

ہے خرد سے بھی مجھے واسطہ ہیں جنوں سے بھی مجھے نسبتیں

جو امام مستی و ہوش ہو اسی دیدہ ور کی تلاش ہے

میں اسیر ذوق خرام ہوں کبھی صبح ہوں کبھی شام ہوں

جہاں منزلوں کا گزر نہ ہو اسی رہ گزر کی تلاش ہے

ہیں زمیں پہ میرے قدم مگر مری آسمانوں پہ ہے نظر

میں ہوں طائر فلک آشیاں مجھے بال و پر کی تلاش ہے

ملی دیر و کعبہ کی سر زمیں یہ جبیں کہیں بھی جھکی نہیں

میں شفیقؔ تجھ کو بتاؤں کیا مجھے کس کے در کی تلاش ہے

مزید غزلیں از شفیق بریلوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں