پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شفیق ندوی کی غزلیں — Shafeeq Nadvi Ghazals

شفیق ندوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

گلوں کی بات چلی ذکر نو بہار چلا (غزل)

گلوں کی بات چلی ذکر نو بہار چلا

سکوں گیا تو کبھی چھوڑ کر قرار چلا

ملا نہ چین جنوں کو کہیں ٹھہرنے میں

فراز دار پہ بھی اس کا کاروبار چلا

رہا ہے غم سے عجب ربط اپنی ہستی کا

کہیں گیا میں یہ ہم راہ غم گسار چلا

جنوں کا رقص کہیں رقص مہ جبینوں کا

کہیں اداس کہیں کوئی اشک بار چلا

سکوں ملا تو ملا دل کو دشت وحشت میں

کہاں خرد کا بیاباں میں کاروبار چلا

خزاں کی بات چلی ذکر بھی چلا گل کا

چمن فسردہ بھی آزردہ سبزہ زار چلا

کہاں چلا کبھی جادو پری جمالوں کا

کسی کا کب ہے مرے دل پہ کوئی وار چلا

جینے کا مزہ ہے نہ ہے مرنے میں سکوں اب (غزل)

جینے کا مزہ ہے نہ ہے مرنے میں سکوں اب

لے جائے کہاں دیکھیے صحرا کو جنوں اب

ہو جائے نہ یہ شہر بیاباں کبھی اک دن

جلوہ نہ ترے حسن کا باقی نہ فسوں اب

شکوہ ہے غم دل کا گلہ دہر کا تھوڑا

گزری جو شب ہجر میں کیسے نہ کہوں اب

برباد ہر اک شہر فسردہ گل و غنچے

کل جام تھا ہاتھوں میں مگر سر ہے نگوں اب

لے آؤں نہ میں کیوں اسے باتوں میں لگا کر

کہنا یہ برہمن کا ہے اچھا ہے شگوں اب

سنتا بھی نہیں جب کوئی ملتا بھی نہیں وہ

اب کوئی بتاؤ مجھے کیا عرض کروں اب

وارفتہ ہوا دل یہ کسی شوخ پہ جب سے

شہرہ ہے مرا شہر میں پر کیا میں کروں اب

ایک چہرہ (نظم)

ایک چہرہ

کہ بنایا مجھے شاعر جس نے

سامنے آتا ہے اکثر

مری تنہائی میں

رنگ کیا

روپ کیا

معصوم کنول ہو جیسے

نرگسی آنکھ تھی

چہرہ تھا

غزل ہو جیسے

دودھیا جسم

کوئی تاج محل ہو جیسے

مخملی زلف سیہ رنگ

کہ شانوں پہ لہراتی تھی

ناز

رفتار میں

چلتی

وہ مچلتی ہر دم

میں کھڑا دور سے

دیکھا کیا منظر کوئی

عقل کی قید میں جیسے ہو قلندر کوئی

مسکراتی ہوئی آنکھوں نے بلاوا بھیجا

دل کے زخموں کا

غم دل نے مداوا پوچھا

میں کہ

سہما ہوا

ڈرتا ہوا

آگے آیا

اس کی ہر بات

ادا

رنگ

کہوں کیا

مجھے

کیا کیا بھایا

سلسلہ بات کا نکلا کوئی

جب باتوں سے

جذبۂ شوق ملا

جا کے ملاقاتوں سے

نام کیا آپ کا

کیا نام بتاؤں اپنا

آپ گر کہہ دیں

ہر اک کام بتاؤں اپنا

آپ نے پوچھا

کہاں گھر ہے

کہاں رہتی ہوں

یہ گلی دیکھیے

دور تلک جاتی ہے

جا کر اس موڑ پہ

بائیں کو یہ رک جاتی ہے

دیکھو اس سمت

جو ہے بھیڑ

وہاں پر دیکھو

ہو رہی کیا کوئی مڈبھیڑ

دیکھنا

راہ سے سیدھے آنا

بھول کر

دائیں کو نہ ہرگز جانا

گم گئی راہ تو

رونا تمہیں

پچھتانا ہے

اور فٹ پاتھ پر

اک روز یوں مر جانا ہے

مجھ کو جانا ہے

بہت دور

کہیں دور مجھے جانا ہے

کیوں ہوئی دیر

یہ امی کو بھی بتلانا ہے

مجھ کو ڈر لگتا بہت

شام کی تنہائی سے

رات کے دیو سے

ظلمات کی انگڑائی سے

چلئے چلتی ہوں

چلی جاؤں

چلی جاتی ہوں

دل سے کم

آپ سے

میں آپ سے گھبراتی ہوں

کل یہاں شام

یہاں

شام کو ملنے آنا

اس سے ملنے

میں ہر اک شام وہاں جاتا ہوں

راہ تکنا

کبھی غمگین بھی ہو جاتا ہوں

دل شکستہ میں فسردہ خاطر

گھومتا

گھر لوٹ کے آ جاتا ہوں

شعر پڑھتا ہوا

مدہوش

میں سو جاتا ہوں

میں کھڑا دور سے تکتا کوئی منظر کب تک

عقل کے ہاتھ میں رہتا میں قلندر کب تک

مزید غزلیں از شفیق ندوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں