شفیق عباس کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اب آفتاب منور پہ قرب شام ہوا (غزل)
اب آفتاب منور پہ قرب شام ہوا
اک اور سال مری عمر کا تمام ہوا
رگوں میں گردش خوں کا غلام ٹھہرا ہے
نہ اس بدن کا کبھی مجھ سے احترام ہوا
مرے چہار طرف ہے حصار محرومی
تمام عمر کٹی اور نہ کوئی کام ہوا
کوئی زمین نہ دلدل نہ آسمان ہے اب
کہاں پہنچ کے مری رہ کا اختتام ہوا
عجب لطیف سی تیزابیت تھی لہجے میں
بڑے خلوص سے جس دم وہ ہم کلام ہوا
سنا ہے رات فرشتے چھپے تھے معبد میں
ہمارے شہر میں پھر آج قتل عام ہوا
ہزار قتل کے بدلے میں یہ سعادت ہے
کہ ایک شخص کسی قوم کا امام ہوا
آرزو تجھ سے ترا بوسہ بھی کب مانگے ہے (غزل)
آرزو تجھ سے ترا بوسہ بھی کب مانگے ہے
حرف اقرار بس اک جنبش لب مانگے ہے
اس کی چاہت میں عجب دل کی طلب کا عالم
درد جتنا بھی زمانے میں ہے سب مانگے ہے
ہو سلیقہ جو ذرا ساری تمنا بر آئے
حسن پھر حسن ہے اور حسن طلب مانگے ہے
بے طلب جان تلک سونپ دی جس کو وہ اب
خود سے چاہت کا مری کیا ہے سبب مانگے ہے
کب تلک خون رلاتے ہوئے منظر دیکھے
نیند کو آنکھ ذرا دیر کو اب مانگے ہے
حرف اظہار تڑپتا ہے تڑپنے دیجے
یہ محبت ہے میاں پاس ادب مانگے ہے
تو مری جاں ہے نہ رہ دور کہ اب ذہن مرا
کیوں ہے زندہ یہ بدن مجھ سے سبب مانگے ہے