پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شفیق عابدی کی غزلیں — Shafeeq Abidi Ghazals

شفیق عابدی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تخت چاہا نہ کبھی مسند شاہی چاہی (غزل)

تخت چاہا نہ کبھی مسند شاہی چاہی

ہم نے ظالم سے فقط خیر نگاہی چاہی

دار کا خوف نہیں پھر بھی زمیں والوں سے

جو صداقت پہ ہو مبنی وہ گواہی چاہی

جھوٹ کے بل پہ کوئی وقت کا فرزند ہوا

ہم نے سچ بول کہ بس اپنی تباہی چاہی

عشق کی رہ میں ظفر یابی کی حسرت لے کر

ہم نے ہر دور میں تائید الٰہی چاہی

کیا کبھی تم سے محبت نہیں چاہی ہم نے

اس کی آواز یہ آئی کہ ہاں چاہی چاہی

جنگ لڑتے رہے در پیش مسائل سے شفیقؔ

ہم نے دنیا سے کہاں پشت پناہی چاہی

رہ گزر شیشے کی ہے نہ اس کا در شیشے کا ہے (غزل)

رہ گزر شیشے کی ہے نہ اس کا در شیشے کا ہے

در حقیقت اپنا ہی رخت سفر شیشے کا ہے

چلتا پھرتا بولتا سنتا سمجھتا ہے مگر

لگنے کو کچھ بھی لگے ہر اک بشر شیشے کا ہے

آدم و ابلیس کا کردار دیتا ہے سبق

خیر ہے فولاد کی مانند شر شیشے کا ہے

بے سبب ٹکراؤ مت تہذیب کے رسم و رواج

کچھ ادھر شیشے کا ہے تو کچھ ادھر شیشے کا ہے

وقت کا پتھر تو چکنا چور کر دے گا اسے

غور سے دیکھو ذرا ظالم کا گھر شیشے کا ہے

تجھ سے پہلے ٹوٹ کر بکھرے یہاں کتنے شفیقؔ

کیا نہیں معلوم شہرت کا ثمر شیشے کا ہے

مزید غزلیں از شفیق عابدی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں