شفق تنویر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جہاں بھی ہم ٹھہر گئے مقام بولنے لگے (غزل)
جہاں بھی ہم ٹھہر گئے مقام بولنے لگے
محبتوں کی بولیاں عوام بولنے لگے
سر غرور خم نہیں کوئی کسی سے کم نہیں
سکندروں کے سامنے غلام بولنے لگے
سنی جو جائے آنکھ سے وہ جسم کی زبان ہے
ہزار لب خموش ہوں خرام بولنے لگے
کوئی بھی شخص بے ادب وہ دن نہیں ہے دور جب
جنوں میں اپنے آپ کو امام بولنے لگے
سجا وہ جب دکان پر متاع عام جان کر
نئے امیر بد مزاج دام بولنے لگے
مفکرانہ اک نظر جو ڈالوں کائنات پر
خط شکستہ میں لکھا کلام بولنے لگے
حیات بخش آب کو میاں شفقؔ شراب کر
چکھے بغیر آپ بھی حرام بولنے لگے
نہ خود کو زمانے سے انجان رکھ (غزل)
نہ خود کو زمانے سے انجان رکھ
کھلی اپنی آنکھیں کھلے کان رکھ
نہیں رہتا یکساں رتوں کا مزاج
سفر میں ضرورت کے سامان رکھ
کہیں وقت سے پہلے مرجھا نہ جائے
کچن سے بہت دور گلدان رکھ
کہاں تجھ سے لغزش ہوئی پہلے سوچ
نہ بے جا کسی پر بھی بہتان رکھ
ہوا نرم چلنے کو بیتاب ہے
امس ختم ہونے کا امکان رکھ
مہذب ابھی بھی ہیں نگری کے لوگ
کھلا ناف تک مت گریبان رکھ
بہت ہو چکا ماتم زندگی
شفقؔ بھیگے چہروں پہ مسکان رکھ