پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شفق طاہری کی غزلیں — Shafaq Tahiri Ghazals

شفق طاہری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

خواب میں یاد کے چہرے آئے (غزل)

خواب میں یاد کے چہرے آئے

دور سے اڑ کے پرندے آئے

جس قدر خواب تھے خوشبو بن کر

پردۂ گل میں مہکنے آئے

اس کے آنگن میں شعاعیں اتریں

چاند تاروں کے نوشتے آئے

دیکھنا اس کی جھکی پلکوں کو

چاند جب شاخوں میں چھپنے آئے

اس کی خوشبوئیں جو باہر پھیلیں

دور نزدیک سے رشتے آئے

ذہن میں خوابوں کے کچھ پیکر سجا کر رکھ دئے (غزل)

ذہن میں خوابوں کے کچھ پیکر سجا کر رکھ دئے

ہم نے اپنے گھر کی دیواروں پہ چھپر رکھ دئے

شیش محلوں کے محافظ نے گزشتہ رات کو

شہر کی گلیوں میں آوازوں کے پتھر رکھ دئے

ہاتھ چھو لوں تو مہک جائے وہ پھولوں کی طرح

کس نے اس کے دل میں خوشبو کے صنوبر رکھ دئے

میرے شعروں سے بہت برہم ہیں فن کاران شہر

میں نے ذرے آسمانوں کے برابر رکھ دئے

میں دبا جاتا ہوں اپنے شہر کے کردار میں

اپنے اپنے بوجھ سب نے میرے اوپر رکھ دئے

مزید غزلیں از شفق طاہری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں