پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شفق سوپوری کی غزلیں — Shafaq Sopori Ghazals

شفق سوپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یہ عشق بھی عجیب ہے اک آن ہو گیا (غزل)

یہ عشق بھی عجیب ہے اک آن ہو گیا

انسان ساری عمر کو حیران ہو گیا

وہ شخص کیا گیا ہے ادھر سے کہ شہر دل

پھر دیکھتے ہی دیکھتے ویران ہو گیا

اس غم نے کیسی شکل بدل لی کہ کل تلک

دشمن تھا میری جان کا اب جان ہو گیا

وہ زلف میرے بازو پہ بکھری نہیں تو میں

اس زلف سے زیادہ پریشان ہو گیا

ہے سلطنت ہی میری نہ لشکر مرا مگر

میں بد نصیب جنگ کا میدان ہو گیا

میں اس کو زندہ دیکھ کے خوش ہو گیا شفقؔ

وہ مجھ کو زندہ دیکھ کے حیران ہو گیا

لہرا رہی ہیں کھیت میں گندم کی بالیاں (غزل)

لہرا رہی ہیں کھیت میں گندم کی بالیاں

اور پہرے پر بجوکے ہیں لے کر دو نالیاں

روئے سخن ہے اس کا خریدار کی طرف

قصاب دے رہا ہے جو بلی کو گالیاں

خنجر اتار دے گا جمورے کے پیٹ میں

بوڑھے جوان بچے بجائیں گے تالیاں

جوتے نکالتی ہیں ادب سے طوائفیں

لیکن پھٹے جرابوں پہ ہنستی ہیں سالیاں

بوٹا سا تن تھا پہلو میں اور کنڈلی مار کے

سینے پہ سانپ جیسی تھیں باہوں کی ڈالیاں

اتری تمام رات مرے تن کی آرتی

مہندی لگے وہ ہاتھ تھے پھولوں کی ڈالیاں

واللہ عقیدت آج بھی ہے میرا سین سے

ہم کو بہت پسند ہیں بنگال والیاں

لونڈوں کی ٹھوڑیوں پہ جو سبزہ اگا شفقؔ

کس کام کی رہی ہیں یہ چہروں کی لالیاں

مزید غزلیں از شفق سوپوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں