پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شاداں بدایونی کی غزلیں — Shadan Badayuni Ghazals

شاداں بدایونی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اس شہر کے لوگوں میں وفا ہے کہ نہیں ہے (غزل)

اس شہر کے لوگوں میں وفا ہے کہ نہیں ہے

دروازہ کسی گھر کا کھلا ہے کہ نہیں ہے

لوٹ آئی ہیں چلمن ہی سے ٹکرا کے نگاہیں

وہ جان حیا اپنی جگہ ہے کہ نہیں ہے

موجیں مجھے ساحل کی طرف لا تو رہی ہیں

معلوم نہیں اس کی رضا ہے کہ نہیں ہے

یارو مرے دم تک تو بڑا شور تھا لیکن

ویرانے میں اب کوئی صدا ہے کہ نہیں ہے

جس دور میں انصاف ہو قاتل کا طرف دار

اس دور میں جینا بھی سزا ہے کہ نہیں ہے

اے بھولنے والے مجھے اتنا تو بتا دے

اس درد کی دنیا میں دوا ہے کہ نہیں ہے

منزل پہ پہنچنے کا ارادہ ہے تو شاداںؔ

یہ فکر نہ کر راہنما ہے کہ نہیں ہے

پی کے ہم جام سکوں حد سے گزر تو جائیں (غزل)

پی کے ہم جام سکوں حد سے گزر تو جائیں

ان کو پانا کوئی مشکل نہیں مر تو جائیں

یہ فضائے سحر و شام نکھر جائے گی

ان کی زلفیں مرے ہاتھوں سے سنور تو جائیں

چھیڑتے رہتے ہیں حالات کے نشتر ہر وقت

ورنہ زخموں کے دہن آپ ہی بھر تو جائیں

نام تک شہر کا اپنے ہمیں اب یاد نہیں

کارواں راہ میں ہم چھوڑ کے گھر تو جائیں

کون کہتا ہے کہ ہوتی نہیں اشکوں کی زباں

لوگ اس بزم میں با دیدۂ تر تو جائیں

دور رہ کر وہ مجھے یاد بھی کیوں آتے ہیں

پھول شاخوں سے جدا ہو کے بکھر تو جائیں

خلد دل خلد نظر دور نہیں ہے شاداںؔ

ہاتھ اپنے کبھی تا پردۂ در تو جائیں

مزید غزلیں از شاداں بدایونی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں