پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شاداں بارہ بنکوی کی غزلیں — Shadan Barabankvi Ghazals

شاداں بارہ بنکوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تم سامنے ہو پھر بھی نظر مطمئن نہیں (غزل)

تم سامنے ہو پھر بھی نظر مطمئن نہیں

جیسے گلوں میں باد سحر مطمئن نہیں

یہ عرض مدعا کی بھی منزل عجیب ہے

دل مطمئن ہے اور نظر مطمئن نہیں

یہ کہہ کر اس نے شیشۂ دل توڑ ہی دیا

اس آئنے سے آئنہ گر مطمئن نہیں

جلوے تو آج بھی ہیں اسی طرح بے قرار

جلوہ گری سے ذوق نظر مطمئن نہیں

لایا ہے کس مقام پہ اپنا جنون شوق

بے چین ہم ادھر وہ ادھر مطمئن نہیں

رہزن جہاں ہو پہنے ہوئے خضر کا لباس

ایسے سفر سے اہل سفر مطمئن نہیں

شاداںؔ ہم ایسے خاک بسر کا تو ذکر کیا

وہ دور ہے کہ کوئی بشر مطمئن نہیں

سب دکھی ہیں دنیا میں پھر بھی جو ہنسے ہوں گے (غزل)

سب دکھی ہیں دنیا میں پھر بھی جو ہنسے ہوں گے

آہ روک لی ہوگی اشک پی گئے ہوں گے

رات کے ستارے جب ڈوبنے لگے ہوں گے

میری ہی طرح وہ بھی خود پہ ہنس دئے ہوں گے

کیا کسی تمنا کا حوصلہ کرے کوئی

دل میں جتنے ارماں تھے زخم بن چکے ہوں گے

اب میں کیا قدم رکھوں مصلحت کی دنیا میں

راہ بھی نئی ہوگی لوگ بھی نئے ہوں گے

آج میکدے ہی میں رات کاٹ دوں لیکن

اب تو وہ بھی دروازے بند ہو چکے ہوں گے

چل پڑا تھا میں شاداںؔ یہ خبر نہ تھی مجھ کو

غم کی ایک منزل کے اتنے راستے ہوں گے

بد مستی میں وقت نے اپنی زلفیں دی ہیں کھول (نظم)

بد مستی میں وقت نے اپنی زلفیں دی ہیں کھول

آج ہے اپنی اس دھرتی کا اک اک پل انمول

چہروں پر یہ گلال ملا ہے یا رادھا مسکائی

پچکاری میں رنگ بھرا ہے یا بنسی کے بول

ہر کروٹ اک نغمہ پھوٹے ہر آہٹ سنگیت

ناچ رہے ہیں مستی میں سب لیے مجیرا ڈھول

ٹھنڈے سینوں سے ابھری جذبوں کی اک آگ

اس نے کچھ یوں ہولی پھونکی بدل گیا ماحول

جیسے بھور بھئے مدھوبن میں پون جھکورے آئیں

پنگھٹ پریوں تھرک رہی ہے رادھا بھر کر ڈول

ایک رنگ میں رنگ گئے سارے اپنے اور پرائے

شاداںؔ موسم بدل گیا ہے اپنی آنکھیں کھول

مزید غزلیں از شاداں بارہ بنکوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں