پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شادان احسن مارہروی کی غزلیں — Shadan Ahsan Marahravi Ghazals

شادان احسن مارہروی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تم سا دل کش کوئی دیکھا ہی نہیں (غزل)

تم سا دل کش کوئی دیکھا ہی نہیں

آئنہ جھوٹ بولتا ہی نہیں

سن کے تعریف اپنی شرمائے

جیسے خود سے وہ آشنا ہی نہیں

جان لے کر وہ کہہ اٹھے مجھ سے

اس میں میری کوئی خطا ہی نہیں

چارہ گر کو خبر نہیں شاید

درد دل کی کچھ دوا ہی نہیں

ہم نے اس دل کو لاکھ سمجھایا

زور دل پر مگر چلا ہی نہیں

یہ مرا دل تو ہو چکا تیرا

میرے بس میں وہ اب رہا ہی نہیں

میری ہستی کو آس ہے تجھ سے

بن تیرے کوئی آسرا ہی نہیں

درد فرقت فغاں خلش نفرت

یہ اثاثہ مجھے ملا ہی نہیں

کہنے کو تو ہے کیا نہیں (غزل)

کہنے کو تو ہے کیا نہیں

کیوں ہے خلش پتا نہیں

مجھ سے ہوئے وہ کیوں خفا

ان سے مجھے گلا نہیں

جس کی تھی ہم کو جستجو

کیوں وہ ہمیں ملا نہیں

پھر بھی سزا مجھے ملی

جب کہ میری خطا نہیں

الجھا ہوں اتنا عشق میں

مجھ کو مرا پتا نہیں

یوں تو بہت ہیں راحتیں

غم کی مرے دوا نہیں

کہنے کو تو ہیں دور وہ

دل سے مگر جدا نہیں

مزید غزلیں از شادان احسن مارہروی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں